ہفتےکے روز امریکہ نے شام پر ملک میں انسانی حقوق کا بحران پیدا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے دمشق پر زور دیا کہ وہ مظاہرین ے خلاف پرتشدد کارروائیاں بندکرے۔
وہائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں شامی عہدے داروں سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ وہ ریڈ کراس کو زخمیوں، زیر حراست اور اندرون ملک بے گھر ہونےو الے افراد تک فوری اور بلا روک ٹوک رسائی فراہم کریں ۔
بیان میں کہا گیا کہ شامی راہنماؤں کے پاس ریڈ کراس جیسے غیر جانبدار ادارے کو انسانی ہمدردی سے متعلق مدد سے انکار کا کوئی جواز نہیں ہے ۔
امریکہ کا یہ بیان شام کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ترک سرحد کےقریب واقع شمالی شہر جسر الشغور پر قبضے کی کوششوں میں اضافے کے بعد سامنے آیا ہے ۔
عینی شاہدین اور سر گرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس علاقے کے مسلح گروپوں پر120 سیکیورٹی اہل کاروں کے قتل کا الزام لگانے اور ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا عزم ظاہر کرنے کےبعد فوجی شہر کی ناکہ بندی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
سرکاری کنٹرول کے ایک میڈیا کی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ فوجی دستوں نے شہر میں مسلح گروہوں کے دو سر کردہ افراد کو گرفتار کرکے ہتھیار اور گولاباروں اپنے قبضے میں لے لیا ہے ۔