رسائی کے لنکس

شام: باغی فوج کا شمالی علاقے پر قبضے کا دعویٰ


ماسکو: قادری جمیل کی سرگئی لاروف سے ملاقات
ماسکو: قادری جمیل کی سرگئی لاروف سے ملاقات

باغی فوج نے حلب کے مضافات میں خان الاصل کے گاؤں کو فتح کر لیا ہے: سیریئن آبزرویٹری فور ہیومن رائٹس

شام کے باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ ملک کا شمالی علاقہ اپنے قبضے میں لینے میں کامیاب ہوئے ہیں، جس سے ایک ہی روز قبل اُنھیں دارالحکومت دمشق کے قریب شدید جانی نقصان ہوا۔

برطانیہ میں قائم ’سیریئن آبزرویٹری فور ہیومن رائٹس‘ نے پیر کے دِن بتایا کہ باغی فوج نے حلب کے مضافات میں خان الاصل کے گاؤں کو فتح کر لیا ہے۔

گاؤں کے قریب اب بھی جھڑپیں جاری ہیں اور شام کی فوج کی طرف سے فضائی حملوں کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔

شام کے سب سے بڑے شہر، حلب پر کنٹرول کے حصول کی لڑائی میں خان الاصل ایک اہم محاذ کی حیثیت رکھتا ہے۔

باغی اور حکومتِ شام دونوں نے گذشتہ مارچ میں ہونے والی لڑائی کے دوران ایک دوسرے پر کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا الزام لگایاتھا، جِس کے باعث تقریباً 30افراد ہلاک ہوئے۔

شام کے شمال میں باغیوں کو ہو نے والی کامیابی کی رپورٹ سے ایک ہی روز قبل دمشق کے قریب باغیوں کی فوج کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔

اتوار کو ہونے والی لڑائی کے دوران حکومتی افواج نے ادرہ کے مضافات میں باغی فوجیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس واقع میں 49باغی ہلاک ہوئے۔


شامی باغیوں کو اندرونی خلفشار اور اسلام پرست فوج سے جھڑپوں کا سامنا ہے جس دوران اُنھیں خاصا جانی نقصان پہنچ چکا ہے، جو شامی صدر بشارالاسد کو ہٹانے کی کوششوں کے سلسلے میں اکٹھے ہوئے ہیں۔

ایک اور خبر کے مطابق، پیر ہی کے روز شام کے معاون وزیر اعظم قادری جمیل روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کے لیے ماسکو پہنچ چکے ہیں۔

لاروف نے کہا ہے کہ روس کا خیال ہے کہ حکومت شام اور باغی مکالمے کی مدد سے ہی اپنے اختلافات طے کرسکتے ہیں۔ اُنھوں نے حکومت اور مخالفین پر بھی زور دیا کہ وہ مل کر شام سے ’دہشت گردوں اور شدت پسندوں‘ کو ملک سے باہر نکالیں۔

دو برس سے زائد عرصے سے جاری لڑائی میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جب کہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG