رسائی کے لنکس

تین ملکی ٹی20 سیریز: پاکستان اور آسٹریلیا فائنل میں پہنچ گئے


فائل
فائل

تین ملکی ٹی20 سیریز میں سولومون میرے کے 94 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آسکے اور پاکستان نے زمبابوے کو 7وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، جہاں اُس کا مقابلہ اتوار کو آسٹریلیا سے ہوگا۔

زمبابوے کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 163 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے میچ کے برعکس زمبابوے کے اوپنرزسیفاس زوواؤ اور سولومون میرے نے 49 رنز کا اچھا آغاز دیا۔

زوواؤ 24 رنز کی اننگز کھیل کر فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔نئے بیٹسمین کپتان ہملٹن مساکادزا ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف دو رنز بناکر شاداب خان کو وکٹ دے بیٹھے۔

میرے اور تاراسائی موساکاندا نے پاکستانی بولرز کا اعتماد کے ساتھ سامنا کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 64 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 146 رنز تک پہنچا دیا، موساکاندا 33 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

دوسری جانب میرے نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کئی دلکش اسٹروکس کھیلے۔ وہ صرف 6 رنز کے فرق سے سنچری اسکور نہ کرسکے اور 63 گیندوں پر چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 94 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، یہ زمبابوے کے کسی بھی بیٹسمین کا ٹی20 فارمیٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔جنوری 2016ء میں ہملٹن مساکادزا نے بنگلادیش کے خلاف کھلنا میں 93 رنز بنائے تھے۔

یوں زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔فہیم اشرف، محمد عامر، شاداب خان اور حسین طلعت نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز فخر زمان اور حارث سہیل نے بھی اچھا آغاز فراہم کیااور 38 گیندوں پر 58رنز بناکر جیت کی بنیاد رکھ دی، حارث سہیل 16 رنز بناکر ویلنگٹن مساکادزا کا شکار بن گئے۔

فخر زمان 47 اور حسین طلعت 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان سرفراز احمد نے ناقابل شکست 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ یوں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 19 اعشاریہ ایک اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

شاندار بیٹنگ پر سولومون میرے کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک 11 ٹی 20 میچز کھیلےجا چکے ہیں۔ تمام میچز میں زمبابوے کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

سیریز میں ابھی آسٹریلیا۔پاکستان اور زمبابوے۔آسٹریلیا کے درمیان میچز باقی ہیں تاہم، آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیمیں پہلے ہی فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG