رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بھارت کی اہم میچ میں افغانستان کے خلاف 66 رنز سے کامیابی


گلبدین نائب کے وکٹ لینے کے بعد بھارتی کھلاڑی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے
گلبدین نائب کے وکٹ لینے کے بعد بھارتی کھلاڑی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے

ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنے اہم میچ میں بھارت نے افغانستان کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 66 رنز سے شکست دے دی۔ تاہم، بھارت کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اب بھی انحصار افغانستان کی ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں فتح اور اپنے اگلے دو میچوں میں رن ریٹ بہتر بنانے پر ہے۔

211 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ بیس اووروں میں سات وکٹوں پر 144 رنز بنا سکی۔

افغانستان کی ٹیم کو اننگ کے ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے دونوں اوپنر قابل ذکر رنز بنائے بغیر آوٹ ہو گئے۔ محمد شہزاد صفر اور حضرت اللہ زازئے نے تیرہ رنز بنائے۔

افغانستان کی طرف سے ٹاپ اسکورر رہے جنت کریم جنہوں نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔ کپتان محمد نبی نے 35 رحمت اللہ گرباز نے19 اور گلبدین نے 18 رنز سکور کیے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے چار اووروں میں 32 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ایشون نے دو اور بمرا اور جدیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو کھیلنے کی دعوت دی جس نے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا سکور کرتے ہوئے دو وکٹوں پر 210 رنز بنا دیے۔ پہلے دونوں میچوں میں ناکام ہونے والے روہت شرما اور کے ایل راہول نے ابتدا میں ہی جارحانہ بلے بازی کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 140 رنز بنا لیے۔

اس موقع پر روہیت شرما سینتالیس گیندوں پر 74 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے۔ ان کی اننگ میں آٹھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ دوسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی کے ایل راہول تھے جنہوں نے 69 رنز کی اننگ کھیلی۔ ان کی اننگ چھ چوکوں اور دو چوکوں سے مزین تھی۔

دیگر نمایاں بلے بازوں میں ہارتک پانڈیا نے صرف تین گیندوں پر 35 اور رشبھ پنت نے تیرہ گیندوں پر 27رنز بنائے۔

افغانستان، جس کے باولنگ اٹیک نے پورے ٹورنامنٹ میں کرکٹ مبصرین کو متاثر کیا تھا اور جس کے خلاف پاکستان کی ٹیم 145 رنز کے تعاقب میں پریشانی سے دوچار رہی، آج اس کی باولنگ میں وہ رنگ نظر نہیں آیا اور بھارت کے بلے باز بہت کھل کر شارٹس مارتے رہے۔ سوشل میڈیا پر کرکٹ کے شائقین میچ میں فیلڈنگ کے معیار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے رہے۔

گلبدین نائب نے چار اووروں میں انتالیس رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ بلے بازوں کو پریشان کرنے میں شہرت رکھنے والے راشد خان بھی آج متاثر کن باولنگ نہ کر سکے۔ انہوں نے چار اووروں میں چھتیس رنز دیئے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

افغانستان سے بڑے مارجن سے فتح کے باوجود بھارت کی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے میں کئی مشکلات ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم افغانستان کے خلاف میچ میں ہار جائے اور انڈیا اگلے دونوں میچوں میں بڑے مارجن سے فتح حاصل کرے تو رن ریٹ کی بنیاد پر وہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی دوڑ میں شامل ہو سکتا ہے۔

  • 16x9 Image

    اسد حسن

    اسد حسن دو دہائیوں سے ریڈیو براڈ کاسٹنگ اور صحافتی شعبے سے منسلک ہیں۔ وہ وی او اے اردو کے لئے واشنگٹن ڈی سی میں ڈیجیٹل کانٹینٹ ایڈیٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG