رسائی کے لنکس

پردہ اٹھتا ہے۔۔ کون سا ہے 2015ء کا سب سے مقبول گانا


پرانے میوزک کو جدید انداز میں سننے والوں نے پذیرائی بخشی تو نئے نئے گلوکاروں اور میوزیشنز کی آمد میوزک انڈسٹری کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئی۔ اس حسین امتزاج سے بہت سے نئے گانے تخلیق ہوئے۔ ان گانوں کی فہرست اچھی خاصی طویل ہے

سال 2015 پاکستانی میوزک کے لئے بہت اچھا ثابت ہوا۔ پرانے میوزک کو جدید انداز میں سننے والوں نے پذیرائی بخشی، تو نئے نئے گلوکاروں اور میوزیشنز کی آمد میوزک انڈسٹری کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئی۔

اس حسین امتزاج سے بہت سے نئے گانے تخلیق ہوئے۔ ان گانوں کی فہرست اچھی خاصی طویل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلی نظر میں یا فوری طور پر یہ اندازہ لگانا بھی مشکل ہوگیا کہ سال کا بہترین گانا کسے قرار دیا جائے۔ ’ایکسپریس ٹریبون ‘نے تو سال کے سب سے مقبول گانے کے انتخاب کے لئے سروے تک کرا ڈالا۔

سروے کے کیا نتائج نکلے اور 2015 کے کون کون سے مشہور گانوں کو پیچھے چھوڑتا ہوا ۔۔کون سا گانا ’سانگ آف دی ائیر‘ قرار پایا۔ آیئے، اس فہرست پر ایک تفصیلی نظر ڈالیں:

تاجدارحرم
پاکستان کی قوالی کی تاریخ کے دو اہم ترین نام ہمیشہ سبھی کو یاد رہیں گے۔ انہیں عرف عام میں ’صابری برادران‘ بھی کہا جاتا ہے۔ میوزک شو ’کوک اسٹوڈیو‘ نے صابری برادران کی شہرہ آفاق قوالی ’تاجدارحرم۔۔۔‘ کو عاطف اسلم کی آواز میں اور نئے انداز میں ڈھال کر پیش کیا تو پھر کیا تھا۔۔ ہر گھر، ہر گاڑی اور ہر جگہ یہ قوالی گونجنے لگی۔

’تاجدارحرم‘ کو سروے کے دوران 36فیصد ووٹ ملے، اور یہی گانا مقبولیت کے حوالے سے ’پہلے پائیدان‘ پر براجمان ہوا۔

راک اسٹار
کوک اسٹوڈیو سیزن8 میں علی ظفر کے ’راک اسٹار‘ نے بھی دھوم مچا دی۔ علی ظفر نے اپنی خوبصورت گائیکی سے ’راک اسٹار‘ میں خوبصورت رنگ بھرے جو دیکھنے اور سننے والوں کو بہت زیادہ بھائے۔ سروے نتائج کے تحت ’راک اسٹار‘ 22 فیصد ووٹ حاصل کرکے سال کا دوسرا مقبول ترین گانا قرار پایا۔

تماشا
’خماریاں‘ کا گانا ’تماشا‘۔۔ پسندیدگی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر رہا۔ میوزک کے دیوانوں نے ’تماشا‘ کو 20 فیصد ووٹ دیئے۔

بے وجہ
نیبل شوکت کی خوبصورت اور مدھر گائیکی نے سننے والوں کے دل موہ لئے۔ ’کوک اسٹوڈیو8‘ کی ہی پیشکش ’بے وجہ۔۔۔‘ شائقین میں بہت مقبول ہوا۔ بے وجہ کے حق میں 8 فیصد افراد نے ووٹ دئیے۔

کدی آوٴ نی
عاطف اسلم اور مائی ڈھائی کی منفرد جوڑی کے ساتھ پیش کیا گیا ڈوئٹ ’کدی آوٴ نی۔۔۔‘ اپنی مختلف موسیقی، سروں کی اٹھان اور عمدہ گائیکی کی وجہ سے مقبول ہوا۔ اس گانے کو ملنے والے ووٹوں کی شرح بھی8ہی فیصد تھی۔

ایک تھا بادشاہ
نوری کا گانا ’ایک تھا بادشاہ ۔۔۔‘ نوری کے فینز کے لئے تحفہ ثابت ہوا۔اسے 3فیصد ووٹ ملے۔

طلب گار
جاوید بشیر کی کاوش ’طلب گار‘ بھی سال کے مقبول گانوں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔ مگر 2 فیصد ووٹ کے ساتھ۔

کچھ اور گانے
دیگر گانوں کی بات کریں تو اسرار کا ’مست ہوا‘ ، چاند تارا آرکسٹرا کا ’مکی مدنی‘ اور فرید ایاز و ابو محمد کے گانے ’گھرناری۔۔‘ بھی 2015 کے مقبول گانوں میں شامل رہے۔

XS
SM
MD
LG