رسائی کے لنکس

صدارتی مباحثے کے فوری بعد ٹیلر سوئفٹ کا کاملا ہیرس کی حمایت کا اعلان


  • گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے ری پبلکن اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدواروں میں مباحثے کے فوری بعد کاملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
  • کاملا ہیرس کے حوالے سے ٹیلر سوئفٹ نے بیان میں کہا کہ میرے خیال میں وہ ایک متوازن اور محنتی لیڈر ہیں۔
  • امریکی گلوکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں تصویر بھی لگائی ہے جس میں انہوں نے اپنے ہاتھوں میں ایک بلی تھامی ہوئے ہے۔
  • انہوں نے پوسٹ کے بالکل آخر میں اپنے نام کے نیچے ’’Childless Cat Lady‘‘ لکھا ہوا ہے۔

امریکہ کی معروف پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس کے درمیان صدارتی مباحثے کے فوری بعد ڈیموکریٹک امیدوار کاملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ٹیلر سوئفٹ کی جانب سے کاملا ہیرس کی حمایت کا اعلان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب منگل کو دونوں امیدواروں کے درمیان واحد مباحثہ 90 منٹ جاری رہا جس میں مختلف موضوعات پر بحث کی گئی۔

کاملا ہیرس کے حوالے سے ٹیلر سوئفٹ نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ میرے خیال میں وہ ایک متوازن اور محنتی لیڈر ہیں۔

ٹیلر سوئفٹ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم اس ملک میں بہت کچھ کر سکتے ہیں اگر ہم افراتفری کے بجائے پُر سکون رہیں۔

امریکی گلوکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں تصویر بھی لگائی ہے جس میں انہوں نے اپنے ہاتھوں میں ایک بلی تھامی ہوئے ہے۔

انہوں نے پوسٹ کے بالکل آخر میں اپنے نام کے نیچے ’’Childless Cat Lady‘‘ لکھا ہوا ہے۔

یہ اصطلاح کاملا ہیرس کے حریف ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ نائب صدر کے امیدوار جے ڈی وینس نے استعمال کی تھی۔

اس اصطلاح سے منفی انداز میں اُن خواتین کی نشان دہی کی کوشش کی جاتی ہے جن کے بچے نہیں ہوتے۔

واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ امریکہ میں نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں میں بہت مقبول ہیں۔ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں یہ نوجوان انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

قبل ازیں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر کاملا ہیرس کے درمیان پہلے صدارتی مباحثے کے دوران دونوں امیدواروں نے ایک دوسرے پر کڑی تنقید کی اور مقامی و بین الاقوامی امور سے متعلق سوالات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ہونے والے صدارتی مباحثے کی میزبانی نشریاتی ادارے 'اے بی سی' نیوز نے کی۔ 90 منٹ پر محیط اس مباحثے میں صدارتی امیدواروں نے امریکی معیشت، یوکرین جنگ، افغانستان سے انخلا سمیت میزبانوں کی جانب سے پوچھے گئے کئی سوالات کو موضوعِ بحث بنایا۔

امریکہ میں دو ماہ بعد پانچ نومبر کو صدارتی انتخابات ہوں گے جس کے لیے کاملا ہیرس ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیں جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کی جانب سے مسلسل تیسری بار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

(اس خبر میں خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹد پریس‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔)

XS
SM
MD
LG