رسائی کے لنکس

پاکستان کے وفاقی وزرا کا دورۂ بشکیک ملتوی؛ کرغزستان میں 17 ہزار طلبہ کی موجودگی کی تصدیق

پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کرغزستان میں کسی پاکستانی طالب علم کی ہلاکت نہیں ہوئی۔ اگر طلبہ واپس آنا چاہتے ہیں تو وہ آ سکتے ہیں۔ کچھ طلبہ تعلیم کی وجہ سے وہیں رہنا چاہتے ہیں۔

13:07 18.5.2024

کرغزستان میں پاکستانی طلبہ پر تشدد

وسطی ایشیائی ملک کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہجوم کی جانب سے پاکستان سمیت غیر ملکی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملوں کے نتیجے میں متعدد اسٹودںٹس کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بشکیک سے پاکستانی طالب علم منصور مبارک اور حماد حسین نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مقامی طلبہ غیر ملکی اسٹوڈنٹس کے ہاسٹلوں پر حملے کر رہے ہیں اور پاکستانی طلبہ کو شناخت کے بعد نشانہ بنا رہے ہیں۔

حماد حسین نے بتایا کہ طلبہ کو ہاسٹلوں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے مگر اب بھی مقامی طلبہ کی جانب سے حملوں کی کوشش کی جار ہی ہے۔

منصور مبارک حسین کے مطابق چند روز قبل مصری طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعے پر مقامی اور مصر ی طلبہ کے درمیان کشیدگی ہوئی تھی۔ تاہم اس میں شدت جمعے کو اس وقت آئی جب پاکستانی طلبہ نے مقامی طلبہ کو روکنے کی کوشش کی۔

منصور مبارک نے بتایا کہ ہنگامے شروع ہونے کے بعد وہ کئی ساتھیوں سمیت بمشکل ہاسٹل کے کمرے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئےاور پانچ گھنٹوں سے زیادہ وقت تک وہ اور ان کے ساتھی چارپائیوں کے نیچے چھپے رہے۔

ان کے بقول رات بھر مقامی طلبہ اور عام لوگ ان کے ہاسٹلوں اور کمروں پر حملے کرنے کی کوششیں کر رہےتھے۔

13:10 18.5.2024

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستانی طلبہ پر تشدد کا نوٹس لے لیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرغزستان میں پاکستانی طلبہ پر تشدد کے واقعے کے بعد حکومتِ پاکستان نے بھی واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے بشکیک میں پاکستانی سفیر کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ہاسٹل جا کر طلبہ سے ملیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں پاکستانی طلبہ کو ہر قسم کی مدد و معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

پاکستانی سفیر نے وزیرِِ اعظم کو صورتِ حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا جب کہ سفارت خانہ زخمی طلبہ کی معاونت کر رہا ہے۔

کرغزستان میں غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق دس ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ ہیں جن میں ایک ہزار سے زیادہ کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔

وزیرِ اعظم نے سفیر کو تاکید کی کہ وہ طلبہ کے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور انہیں بر وقت معلومات فراہم کرتے رہیں۔

وزیرِ اعظم نے سفیر سے کہا کہ جو زخمی طلبہ وطن واپس آنا چاہتے ہیں، ان کی فوری واپسی کا انتظام کیا جائے جس کے اخراجات حکومتِ پاکستان برداشت کرے گی۔

13:48 18.5.2024

کرغزستان کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں، دفترِ خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق پاکستانی سفارت خانہ اپنے طلبہ کی مدد کے لیے کرغزستان کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔

ترجمان نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی طلبہ کا تحفظ وہاں موجود سفیر اور ان کی ٹیم کے لیے سب سے اہم ہے۔

13:51 18.5.2024

'حالات بہت کشیدہ ہیں، ہماری مدد کی جائے'

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں پاکستان سمیت غیر ملکی طلبہ پر ہجوم کے حملوں میں کئی طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ کرغزستان کے مقامی میڈیا کے مطابق وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ واقعے میں 29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق چند روز قبل کرغزستان اور مصر کے طلبہ کے درمیان لڑائی ہوئی تھی جس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد جمعے کی شب حالات کشیدہ ہوئے۔ پاکستانی سفارت خانے کے مطابق طلبہ کو حالات کے معمول پر آنے تک گھروں یا ہاسٹلز کے اندر ہی رہنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG