یہ تو سب جانتے ہیں کہ امریکہ کی کُل 50ریاستیں ہیں۔ لیکن، شاید آپ کو یہ علم نہ ہو کہ امریکہ کا ایک ہی شہر دو ریاستوں میں واقع ہے۔ اور، آپ اگر اس شہر میں ہوں تو بیک وقت دو ریاستوں میں موجود ہوں گے۔
امریکہ کا جنوب مغربی شہرTexarkanaامریکہ کی دو ریاستوں کی سرحدوں کے درمیان واقع ہے۔ اور، یہ ریاستیں ہیں ٹیکساس اور آرکینسا۔
ویسے دیکھیں تو ٹیکسرکینا ہر طرح سے ایک مکمل کمیونٹی ہے، مگر یہ دراصل دو شہر ہیں: ایک ٹیکساس کا ٹیکسرکینا جس کی آبادی 36000نفوس پر مشتمل ہے اور دوسرا آرکینسا کا ٹیکسر کینا جہاں 30000لوگ آباد ہیں۔
یہ کوئی جڑواں شہر نہیں ہے۔ بلکہ، ایک واحد بڑی سڑک کے ذریعے آپس میں جڑا ہوا ہے۔ یہ شاہراہ اسٹریٹ لائن اوینیو کہلاتی ہے، اور یہ شہر کے بیچوں بیچ چلتی ہوئی جاکر ایک تاریخی وفاقی عمارت پر ختم ہوتی ہے جو اس سڑک کی طرح آدھی آرکینسا اور آدھی ریاست ٹیکساس میں واقع ہے۔
عمارت کی اوپر کی منزل میں کمرہٴ عدالت موجود ہے جس میں جج کی کرسی کو فرش سے جوڑ دیا گیا ہے۔ اور، یوں ہر جج ہمیشہ دو ریاستوں میں براجمان رہتا ہے۔
عمارت کے باہر ایک لائن پینٹ کی گئی ہے اور ساتھ سڑک پر سائن بورڈ لگا دیا گیا ہےجس کے سائے میں سیرو تفریح کے لیے آئے ہوئے لوگ تصویریں بنواتے ہیں۔ اپنا ایک پاؤں ’لون اسٹار اسٹیٹ‘ یعنی ٹیکساس اور دوسرا ’نیچرل اسٹیسٹ‘ یعنی آرکینسا میں رکھ کر۔
آپ لوگوں سے پوچھئیے۔ اُن کے ہاں آپ کو کوئی فرق نہیں ملے گا۔
وہ سب ایک ہی چرچ میں جاتے ہیں، ایک سنیما گھر میں فلم دیکھتے ہیں، ایک جیسے شاپنگ مال میں شاپنگ کرتے ہیں۔ لیکن، پھر بھی لائن کے دونوں طرف میئر ، پولیس، فائر ڈپارٹمنٹ اور ہائی اسکول الگ الگ ہیں۔
زیادہ تر شاپنگ سینٹر اور کار کے شو روم ٹیکساس میں ہیں اور بڑی بڑی صنعتیں جن میں کوپر ٹاپر پلانٹ بھی شامل ہیں، آرکینسا میں واقع ہیں۔
انتظام ایسا رکھا گیا ہے کہ ٹیکسر کینا کے ہر شخص کو دوسرے کی ضرورت ہے۔ ایئرپورٹس آرکینسا میں ہیں اور بیشتر کالج اور طبی سہولتیں ٹیکساس میں ہیں۔۔۔ لیکن، ٹیکسر کینا کے لوگوں کے دل ایکساتھ دھڑکتے ہیں۔
تفصیل آڈیو رپورٹ میں: