رسائی کے لنکس

امریکی اسکول ملالہ کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان


ملالہ یوسف زئی (فائل)
ملالہ یوسف زئی (فائل)

ریاست ٹیکساس میں واقع ’فورٹ بیڈ انڈیپنڈنٹ اسکول‘ کا نام ’ملالہ یوسف زئی ایلیمنٹری اسکول‘ ہو جائے گا۔

امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع ایک اسکول کا نام ملالہ یوسف زئی سے منسوب کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے نہ صرف تمام کارروائیاں مکمل ہوچکی ہیں بلکہ ریاستی انتظامیہ کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

معمول کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ریاست ٹیکساس میں واقع ’فورٹ بیڈ انڈیپنڈنٹ اسکول‘ کا نام ’ملالہ یوسف زئی ایلیمنٹری اسکول‘ ہو جائے گا۔

ملالہ یوسف زئی کا تعلق پاکستان سے ہے۔ ملالہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین میں تعلیم عام کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور ان کی انہی خدمات کے عوض انہیں امن کا نوبیل انعام بھی دیا جاچکا ہے۔

​اسکول کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ اسکول کے بورڈ آف ٹرسٹی کی جانب سے کیا گیا ہے۔

بورڈ کے ٹرسٹی اور سیکریٹری ڈیو روزینتھل نے نام کی تبدیلی سے قبل گزشتہ ہفتے اساتذہ، بچوں کے والدین اور انتظامیہ کے ساتھ ملاقاتیں کی تھیں اور انہیں بورڈ کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔

ڈیو روزینتھل کا کہنا ہے، "ملالہ یوسف زئی پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بسنے والی خواتین کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ لہذا اسکول کا نام ایسی شخصیت سے منسوب کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ ملالہ نے خواتین کی تعلیم کے لیے جن مسائل اور تکالیف کا سامنا کیا، وہ سب کے سامنے ہیں۔ ان کی کوشیں مثالی ہیں۔"

ملالہ کا تعلق پاکستان کے شہر سوات سے ہے جو صوبہ خیبر پختونخوا میں ہے۔ اس صوبے کے پسماندہ پہاڑی ضلع شانگلہ میں بھی ’ملالہ ایجوکیشن فنڈ‘ کے تعاون سے ایک تعلیمی ادارہ قائم ہے جہاں درس و تدریس کا سلسلہ جاری ہے۔

ملالہ کے آبائی علاقے برکانا، تحصیل پورن میں خپل کور فاؤنڈیشن کے تعاون سے 14 ماہ میں یہ اسکول تعمیر کیا گیا تھا جس میں قیام کے فوری بعد تقریباً 200 لڑکیوں نے داخلہ لیا۔ ان میں 100 فی صد کو مفت تعلیم دی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG