پولیس نے کہا ہے کہ جنوبی تھائی لینڈ میں ہفتے کو ہونے والے بم دھماکوں میں دو فوجی ہلاک اور دیگر نو زخمی ہوگئے۔
پہلا دھماکا صوبہ یالا کے ضلع رامن میں سڑک میں نصب بم پھٹنے سے ہواجس سے گشت پر معمور رینجرز کی ایک گاڑی میں سوار چار اہلکار زخمی ہوگئے۔
اس مقام سے تقریباً ایک کلومیٹر دور ہونے والے دوسرے بم دھماکے میں دو اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔
یہ دھماکے ایک ایسے وقت ہوئے جب وزیراعظم ابھیشت وجاجیوا قریبی صوبے میں ایک اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے تھے جس میں جنوبی علاقوں کی ترقی کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا جانا تھا۔
جنوبی صوبوں یالا، پاتانی اور ناراتھیواٹ میں علیحدگی پسندباغیوں کی لڑائیوں میں جنوری 2004ء سے اب تک تقریباً 4500افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان کارروائیوں میں بدھ مت اور مسلمان نشانہ بنتے رہے ہیں۔
مقبول ترین
1