رسائی کے لنکس

ہالی وڈ اسٹار 'دی راک' بھی اہلِ خانہ سمیت کرونا کا شکار


ہالی وڈ ایکٹر ڈیوائن جانسن المعروف 'دی راک' نے کہا ہے کہ وہ اور ان کے اہلِ خانہ حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے تاہم ان کے بقول اب وہ اس وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔

صحت یابی کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'انسٹاگرام' پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں جانسن کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ نے اُنہیں ہلا کر رکھ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک وہ جتنے بھی صبر آزما اور مشکل مراحل سے گزرے ہیں ان میں سے کرونا سے نمٹنا سب سے زیادہ چیلنجنگ اور مشکل تھا۔

ریسلنگ کے شعبے سے فلموں کی طرف آنے والے 48 سالہ اداکار نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ان کی 35 سالہ اہلیہ لارین اور دو بیٹیوں چار سالہ جیسمین اور دو سالہ ٹیانہ میں تقریباً ڈھائی ہفتے قبل ایک قریبی عزیز سے کرونا وائرس منتقل ہوا تھا۔

جانسن نے اپنے مداحوں کو پیغام دیا کہ وہ خود کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھیں اور اپنے پیاروں کی حفاظت کریں کیوں کہ امریکہ میں کرونا وائرس کی وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔

دی راک نے کہا کہ اس وائرس کی وجہ سے ان کے کچھ بہترین دوست اپنے والدین اور خاندان کے کئی افراد کو ہمیشہ کے لیے کھو چکے ہیں۔ یہ وائرس نہایت مہلک اور بے رحم ہے۔

انہوں نے اپنے تمام مداحوں کو مشورہ دیا کہ اگر وہ کرونا کا شکار ہوجائیں تو فوری طور پر الگ تھلگ ہو جائیں اور تنہائی اختیار کرلیں۔

ہالی وڈ سمیت دنیا بھر میں فلمی صنعت سے وابستہ کئی افراد اب تک کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

ہالی وڈ اداکار ٹام ہینکس اور اُن کی اہلیہ ریٹا ولسن کے علاوہ برطانوی اداکار ادریس البا اور جیمز بانڈ کی فلم 'کوانٹم آف سولیس' کی ہیروئن اولگا کریلنکو بھی کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن، اداکارہ ایشوریا رائے، اُن کے شوہر ابھیشیک بچن اور بیٹی ارادھیا بچن میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG