کراچی: صوبہٴسندھ کے دارالحکومت کراچی میں سندھ کی ثقافت کو فروغ دینے کیلئے محکمہٴ ثقافت سندھ کی جانب سے تین روزہ ثقافتی و ادبی میلے کا انعقاد کیا گیا یے۔
اس میلے کا آغاز جمعے کے روز کراچی آرٹس کونسل میں ہوا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر برائے ثقافت و سیاحت شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ ’یہ ثقافتی فیسٹیول ہماری سندھ دھرتی سے لازوال محبت کی تجدید ہے، جس کے ذریعے سندھ کی عظیم تہذیب، تاریخی حیثیت، علمی و ادبی اہمیت اور لیجنڈ ہستیوں کو نہ صرف پاکستان میں بلکہ پوری دنیا میں روشناس کرانے اور فروغ دینے کا موقع ملے گا۔‘
میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ ’سندھ کے بڑے شہر کراچی میں صوبے کے سب سے بڑے فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس طرح کی سرگرمیاں کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی منعقد کی جائیں گی۔ سندھ کے اس طرح کا ثقافتی فیسٹول سالانہ سطح پر منعقد کیا جائےگا۔‘
شہر قائد میں سجے سندھ ثقافت کے رنگارنگ میلے کے حوالے سے آرٹس کونسل کےسیکرٹری، احمد شاہ نے وی او اے سے گفتگو میں بتایا کہ ’حکومت سندھ کی جانب سے سندھ کا کلچر میلہ لگایا گیا ہے۔ اس سے سندھ کے کلچر کو فروغ ملےگا‘۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اس میلے میں دست کاری سمیت سندھ کی مختلف ثقافتی اشیا رکھی گئی ہیں، جبکہ اس میلے میں سندھ کی صوفی موسیقی، ادبی کانفرنس، مشاعرہ اور تھیٹر بھی شامل ہیں۔
بقول اُن کے، سندھ کی ثقافت ہزاروں سال پرانی ہے، اور یہ اُن کے مختلف پہلؤں کو اجاگر کرنے کی یہ ایک کوشش ہے۔
احمد شاہ نے مزید بتایا کہ ’اس فیسٹیول کو کراچی میں منعقد کرنے کی اصل وجہ بھی یہی ہے کہ کراچی میں بسنے والے شہری سندھ کی رنگارنگ ثقافت و زبان کے بارے میں آگہی حاصل کریں‘۔
سندھ ثقافتی میلے میں خواتین کے ہاتھ کی کڑھائی کے ملبوسات، چوڑیوں، مختلف سائز کے ہینڈ بیگز، بیڈشیٹس کے اسٹال، جبکہ سندھی ثقافت میں نمایاں رہنے والی سندھی ٹوپی کا اسٹال، کڑھائی والے جوتے، مٹی کے برتن، ہاتھ سے کپڑے کی تیاری اور مختلف الانواع و اقسام کھانے پینے کے اسٹالز سمیت سندھی ادبی کتابوں کے اسٹال بھی میلے کا حصہ ہیں۔
محکمہ ثقافت سندھ کے زیر اہتمام منعقدہ یہ میلہ اتوار تک جاری رہے گا۔