رسائی کے لنکس

'عیدالاضحیٰ کا موقع ذرا ہٹ کر ہے تو فلمیں بھی ذرا ہٹ کر ہیں'


فلم 'لوڈ ویڈنگ' کے فہد مصطفیٰ، مہوش حیات اور پروڈیوسر فضا علی مرزا
فلم 'لوڈ ویڈنگ' کے فہد مصطفیٰ، مہوش حیات اور پروڈیوسر فضا علی مرزا

عیدالاضحیٰ کے موقع پر تین فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں جن میں ’پرواز ہے جنوں‘، 'جوانی پھر نہیں آنی ٹو‘ اور تیسری فلم جس کی ریلیز کے سب سے زیادہ چرچے ہیں وہ ہے ’لوڈ ویڈنگ‘۔

بھارت کے بعد اب پاکستان میں بھی عید کے موقع پر بڑی کاسٹ اور بڑے بجٹ کی فلموں کی ریلیز معمول کی بات بنتی جارہی ہے۔

دو ماہ قبل عیدالفطر کے موقع پر بیک وقت چار پاکستانی فلمیں ریلیز ہوئی تھیں۔ اب عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی تین فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں جن میں ’پرواز ہے جنوں‘، 'جوانی پھر نہیں آنی ٹو‘ اور تیسری فلم جس کی ریلیز کے سب سے زیادہ چرچے ہیں وہ ہے ’لوڈ ویڈنگ‘۔

فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات جیسے بڑے نام فلم کی کاسٹ کا حصہ ہیں اور چونکہ یہ دونوں حالیہ برسوں میں کئی کامیاب فلمیں دے چکے ہیں اس لیے ’لوڈ ویڈنگ‘ کے چرچے ہر جگہ سنائی دے رہے ہیں۔

’لوڈ ویڈنگ‘ پاکستان میں ’ڈسٹری بیوشن کلب‘ اور عالمی سطح پر ’زی فلمز‘ کے بینر تلے ریلیز ہوگی۔

فلم کے میوزک اور کہانی میں پنجاب کا بیک گراؤنڈ رچا بسا ہے۔ فلم کی پروڈیوسر فضا علی مرزا اور ڈائریکٹر نبیل قریشی ہیں۔

فضا اور نبیل اس سے قبل ’نامعلوم افراد‘ اور اس کا سیکوئل ’نامعلوم افراد2‘ کے علاوہ ’ایکٹر ان لا‘ کرچکے ہیں اور یہ تینوں ہی فلمیں باکس آفس پر بھیڑ اکھٹا کرنے اور اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

لوڈ ویڈنگ کا ایک منظر
لوڈ ویڈنگ کا ایک منظر

فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ پاکستان کے نجی چینل ’جیو‘ کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔ یہ ایک سماجی، رومینٹک اور مزاحیہ فلم ہے جس میں ہیرو ہیروئن کی شرارتیں اور چھیڑ چھاڑ فلم کا مزہ دوبالا کرتی نظر آتی ہے۔

فلم سے متعلق فضا علی مرزاکا کہنا ہے کہ ’لوڈ ویڈنگ‘ اب تک ریلیز ہونے والی ان کی تینوں فلموں سے اپنے نام کی طرح دلچسپ اور روایت سے ہٹ کر ہے۔ "مختصر یوں کہیے کہ عید الاضحیٰ کاموقع ذرا ہٹ کر ہے تو فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ بھی ذرا ہٹ کر ہے۔"

فلم کے ڈائریکٹر نبیل قریشی کہتے ہیں کہ "یہ ایک ہنستی، مُسکراتی رومینٹک فلم ہے۔ واقعی یہ ہماری پچھلی تینوں فلموں سے بالکل الگ ہے۔ فلم کے ذریعے ہم نے یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ شادی بیاہ کی غیر ضروری رسوم پر بے جا خرچ درست نہیں۔"

عید کے موقع پر موضوعِ بحث بننے والی دوسری فلم ہے 'پرواز ہے جنوں' جو ایم ڈی فلمز کی پیشکش ہے اور اسے پروڈیوس کیا ہے مومنہ درید نے۔ فلم کو گزشتہ سال ریلیز ہونا تھا لیکن تاخیر کے سبب اسے اس عید پر ریلیز کیا جارہا ہے۔

مومنہ درید نے ’وی او اے‘ کو بتایا کہ ’پرواز ہے جنوں‘ دراصل فلم پاکستان ایئر فورس کے لیے ایک طرح کا خراجِ تحسین ہے۔ یہ ایئر فورس کے اشتراک سے ہی ممکن ہوسکی ہے۔

فلم 'پرواز ہے جنوں' کی کاسٹ
فلم 'پرواز ہے جنوں' کی کاسٹ

’پرواز ہے جنوں‘ نجی ٹی وی چینل ’ہم‘ کے ذیلی ادارے ایم ڈی فلمز کا ’بن روئے‘ کے بعد دوسرا فلمی پروجیکٹ ہے۔

فلم کی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی اور ٹی وی سیریل ’دیارِ دل‘ سے شہرت پانے والے اداکار عثمان خالد شامل ہیں۔

فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہونے والی تیسری فلم ہے جو دراصل اسی نام سے چند سال پہلے بننے والی فلم کا سیکوئل ہے۔ پہلی فلم نے باکس آفس پر بزنس کے نئے ریکارڈز بنائے تھے۔ اس لیے امید کی جارہی ہے کہ اس کا سیکوئل بھی اسی طرح کامیاب رہے گا۔

فلم کے دائریکٹر ندیم بیگ ہیں جبکہ نمایاں کاسٹ میں اس بار ہمایوں سعید، عائشہ خان، حمزہ علی عباسی کی جگہ فہد مصطفیٰ، کبریٰ خان اور ماورہ حسین شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG