رسائی کے لنکس

تین صوبے تاحال نگران وزرائے اعلیٰ کے منتظر


بلوچستان اسمبلی کی فائل فوٹو۔ بلوچستان میں نگران وزیرِ اعلیٰ کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرے گی
بلوچستان اسمبلی کی فائل فوٹو۔ بلوچستان میں نگران وزیرِ اعلیٰ کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرے گی

نگران حکومتوں کے قیام کا عمل مکمل نہ ہونے پر بظاہر نظامِ مملکت بغیر حکومت کے چل رہا ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو تحلیل ہوئے کئی دن گزر چکے ہیں لیکن نگران وزیرِ اعظم اور صوبۂ سندھ میں نگران وزیرِ اعلٰی کے تقرر کے علاوہ ملک کے دیگر تین صوبوں میں نگران وزرائے اعلیٰ کے ناموں پر تاحال اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔

آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں نگران وزیرِ اعلٰی کے نام پر اتفاق گزشتہ ہفتے ہی ہو گیا تھا لیکن پھر تحریکِ انصاف نے اس منصب کے لیے تجویز کردہ نام واپس لے لیا تھا جس کے بعد یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں پارلیمانی کمیٹی بھی نگران وزیرِ اعلیٰ کے نام پر اتفاق نہیں کر سکی ہے جس کے بعد اب آئین کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نگران وزیرِ اعلیٰ کا تقرر کرے گا۔

بلوچستان میں بھی نگران وزیرِ اعلٰی کے نام کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرے گی۔

ایک ایسے وقت جب ملک میں منتخب قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونے کے بعد آئندہ عام انتخابات کا عمل شروع ہو چکا ہے، نگران حکومتوں کے قیام کا عمل مکمل نہ ہونے پر بظاہر نظامِ مملکت بغیر حکومت کے چل رہا ہے۔

وفاق میں بھی نگران وزیرِ اعظم ناصر الملک نے تاحال اپنی کابینہ کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ وہ جلد مشاورت کے بعد اپنی کابینہ کا اعلان کریں گے جو ان کے بقول مختصر ہوگی۔

دوسری جانب پیر سے الیکشن کمیشن نے کاغذاتِ نامزدگی کی وصولیوں کا عمل شروع کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے پیر کو ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ انتخابات میں تاخیر کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG