رسائی کے لنکس

انڈونیشیا: ٹک ٹاک کا ای کامرس پلیٹ فارم 'ٹوکوپیڈیا' میں بڑی سرمایہ کاری کا فیصلہ


انڈونیشیا کے 27 کروڑ آبادی میں سے اکثریت فعال سوشل میڈیا صارفین ہیں اور ٹک ٹاک کی کوشش ہے کہ 12 کروڑ 50 لاکھ صارفین کو ای کامرس آمدنی کا اہم حصہ بنایا جا سکے۔
انڈونیشیا کے 27 کروڑ آبادی میں سے اکثریت فعال سوشل میڈیا صارفین ہیں اور ٹک ٹاک کی کوشش ہے کہ 12 کروڑ 50 لاکھ صارفین کو ای کامرس آمدنی کا اہم حصہ بنایا جا سکے۔

چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپ ‘ٹک ٹاک’ انڈونیشیا کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ‘ٹوکو پیڈیا’ میں سرمایہ کاری کرے گی جس کی کل لاگت ایک اعشاریہ پانچ ارب ڈالر ہو گی۔ اس کے علاوہ ٹک ٹاک نے انڈونیشیا کے ای کامرس یونٹ ‘گو ٹو’ کا بیشتر حصہ خریدنے کے لیے 840 ملین ڈالر خرچ کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے ۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اس پیش رفت کے بعد لگتا ہے کہ چین جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی معیشت میں اپنے آن لائن خریداری کے کاروبار کو ایک بار پھر شروع کر سکتا ہے۔

انڈونیشیا میں ٹک ٹاک کی قدرے نئی ای کامرس سروس ’ٹک ٹاک شاپ‘ کو بند کرنے کے لیے اس وقت مجبور کیا گیا تھا جب انڈونیشیا نے ستمبر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آن لائن شاپنگ پر پابندی عائد کر دی تھی جس کا مقصد چھوٹے کاروباروں اور صارفین کی معلومات کو محفوظ بنانا تھا۔

دونوں کمپنیوں کا ,جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ نئی شراکت داری متعلقہ ریگولیٹرز کے ساتھ مشاورت اور نگرانی میں ایک آزمائشی مدت کے ساتھ شروع ہو گی۔

گو ٹو کے سی ای او پیٹرک ولوجو کا , جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ اس معاہدے کا مقصد ٹوکو پیڈیا کی مقامی سطح پر موثر موجودگی کو ٹک ٹاک کی بڑی مارکیٹ تک رسائی اور تیکنیکی مہارت کے ساتھ ملا کر انڈونیشیائی ای کامرس چیمپئن بنانا ہے۔

پیٹرک کا مزید کہنا تھا کہ گوٹو کی اس وقت بنیاد مضبوط ہے اور وہ توقع کرتے ہیں کہ یہ شراکت داری نہ صرف ای کامرس کے لیے بلکہ ان کی آن ڈیمانڈ خدمات اور فِن ٹیک کاروبار کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو گی۔

خیال رہے کہ گوٹو کے ذریعے رائیڈ سروسز، ڈلیوری اور مالی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

معاہدے کے تحت ٹک ٹاک جو کہ چین کے بائٹ ڈانس کی ملکیت ہے، ٹوکو پیڈیا کا 75.01 فی صد حصہ خریدے گی اور ٹک ٹاک شاپ کو توسیع کردہ ٹوکو پیڈیا میں شامل کیا جائے گا۔

انڈونیشیا کی وزارت تجارت کی طرف سے اس معاہدے پر مؤقف نہیں دیا گیا۔

خیال رہے کہ انڈونیشیا کے 27 کروڑ آبادی میں سے اکثریت فعال سوشل میڈیا صارفین ہیں اور ٹک ٹاک کی کوشش ہے کہ 12 کروڑ 50 لاکھ صارفین کو ای کامرس آمدنی کا اہم حصہ بنایا جا سکے۔

خیال رہے کہ ٹک ٹاک اس وقت امریکہ، برطانیہ اور سنگا پور میں دستیاب ہے۔

کمپنیوں کے مطابق یہ معاہدہ اگلے سال کی پہلی سہ ماہی تک مکمل ہو جائے گا اور ٹوکو پیڈیا کو ٹک ٹاک سے ایک ارب ڈالر کا ضمانتی نوٹ ملے گا جسے ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات کو فنڈ کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس رپورٹ میں خبر رسان ادارے ’رائٹرز‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG