پاکستان کے وزیرِ خارجہ خواجہ آصف نے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے پیر کو پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا اور اُنھیں امریکی حکومت اور عوام کی طرف سے مبارکباد دی۔
پاکستانی وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق ریکس ٹلرسن نے خواجہ آصف کو وزارت خارجہ کا قلم دان سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے اُن کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
بیان کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ بطور وزیر خارجہ وہ امریکہ کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔
خواجہ آصف نے اپنی گفتگو میں امریکہ کے ساتھ باہمی اعتماد کی بنیاد پر متحرک اور کثیر الجہتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ قیادت امریکہ سے اہم تعلقات کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق امریکہ کی نئی پالیسی سامنے آنے پر اسلام آباد واشنگٹن کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادہ ہے۔
اُنھوں نے افغانستان کے تنازع کے سیاسی حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور امریکہ کو مشترکہ مقصد ہے۔
واضح رہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حکومت افغانستان سے متعلق اپنی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر افغانستان میں امن و استحکام آتا ہے تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہو گا، کیوں کہ اُن کے بقول پاکستان کی اقتصادی اصلاحات کی کامیابی کا انحصار پرامن اور مستحکم افغانستان پر ہے۔
پاکستانی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق ریکس ٹلرسن نے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے خواجہ آصف کو دورۂ امریکہ کی دعوت بھی دی۔
اُدھر امریکی محکمۂ خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں میں باہمی مفادات، استحکام، سلامتی، پاکستان اور خطے میں اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون رہا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں بھی دونوں ملک مل کر کام کرتے رہیں گے۔
رواں ماہ کے اوائل میں قائم مقام امریکی معاون وزیرِ خارجہ برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور اور قائم مقام خصوصی ایلچی برائے افغانستان و پاکستان، ایلس ویلز نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا تھا اور اس دوران اُنھوں نے وزیر خارجہ خواجہ آصف، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر حیات سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہٴخیال کیا تھا۔