رسائی کے لنکس

امریکہ میں طوفانی بگولوں سے تباہی، چار افراد ہلاک، متعدد زخمی


امریکی ریاستوں الی نوائے اور آرکنسا میں طوفانی بگولوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق جمعے کی شب آنے والے اس طوفان کے باعث دونوں ریاستوں میں کئی گھروں سمیت دیگر املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق آرکنسا میں لٹل راک کے علاقے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو ئےہیں۔ ریاست کے ایک اور قصبے وین میں بھی طوفان نے تباہی مچائی جہاں دو ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریاست الی نوائے کے شہر بلوڈیئر میں مقامی تھیٹر کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 28 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے پانچ شدید زخمی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق جس وقت یہ تھیٹر بگولے کی زد میں آیا اس وقت وہاں کانسرٹ جاری تھا اور لگ بھگ 260 افراد وہاں موجود تھے۔

بلوڈیئر کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق کئی افراد کو تھیٹر کی لفٹ سے بچایا گیا جب کہ اس دوران تھیٹر کے باہر بجلی کے پول گرنے سے بھی نقصان ہوا۔

پولیس چیف نے صورتِ حال کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس موقع پر ہر طرف افراتفری تھی۔

ایک عینی شاہد گیبریئل نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ جب وہ تھیٹر کی جانب بڑھ رہے تھے تو ایسا لگا کہ ہوا کی رفتار صفر سے ایک ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہے۔

امریکہ میں یہ طوفان ایسے وقت میں آیا ہے جب حال ہی میں صدر جو بائیڈن نے ریاست مسی سپی کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔ مسی سپی میں بھی گزشتہ ہفتے طوفانی بگولوں نے تباہی مچا دی تھی جس میں 23 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

دوسری جانب لٹل راک کے علاقے میں بھی طوفان کے باعث ایک مقامی شاپنگ سینٹر اور گروسری اسٹور تباہ ہو گیا۔

لٹل راک کے میئر اسکاٹ فرینک نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ طوفان کے باعث املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جب کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دیگر ریاستوں آئیوا، میزوری، ٹینیسی، وسکونسن، ٹیکساس اور انڈیانا میں بھی کئی گھرانے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

طوفان کے باعث الی نوائے میں ایک لاکھ نو ہزار جب کہ آرکنسا میں 90 ہزار گھرانے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں ۔

اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG