رسائی کے لنکس

پاکستان میں بدعنوانی کی شرح میں معمولی کمی: رپورٹ


عالمی تنظیم کی طرف سے اس حوالے سے جاری کردہ 175 ممالک کی فہرست میں پاکستان 29 پوائنٹس کے ساتھ 126 ویں نمبر پر ہے۔

انسداد بدعنوانی کے لیے عالمی سطح پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل (ٹی آئی) کی طرف سے جاری ایک تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2013 کے مقابلے میں بدعنوانی کی شرح میں معمولی کمی آئی ہے۔

عالمی تنظیم کی طرف سے اس حوالے سے جاری کردہ 175 ممالک کی فہرست میں پاکستان 29 پوائنٹس کے ساتھ 126 ویں نمبر پر ہے۔

2013ء میں پاکستان 127 ویں نمبر تھا۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی درجہ بندی فہرست کے مطابق 100 پوائنٹس والے ملک کو بدعنوانی سے تقریباً پاک تصور کیا جاتا ہے جب کہ صفر پوائنٹ والے ملک کو انتہائی بدعنوان ملک سمجھا جاتا ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے مشیر عادل گیلانی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ بدعنوانی میں معمولی کمی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ سرکاری سطح پر بدعنوانی کے سدباب کے لیے جو اقدامات کیے گئے ہیں اُن کے بہتر نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔

’’چاروں صوبائی حکومتیں اس میں شامل ہیں، وفاقی حکومت اس میں شامل ہے ۔۔۔ کچھ قوانین میں تبدیلیاں لائی گئی ہیں، کچھ تقرریوں کا طریقہ کار ہے، جیسے الیکشن کمشنر کے (تقرر) کا طریقہ کار چل رہا ہے کہ جمہوری انداز میں ( تقرری ہو)، یہ چیزیں بھی اہمیت رکھتی ہیں۔‘‘

مرکز میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ کہتے ہیں کہ اگرچہ رپورٹ پاکستان میں بدعنوانی کی شرح میں معمولی کمی کو ظاہر کرتی ہے لیکن اُن کے بقول اس سے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد بھی بڑھے گا۔

’’جہاں ماضی میں بہت زیادہ بد عنوانی ہوئی ہو۔ وہاں پر اگر چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں، یہ پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے خاص طور پر (بہت اہم ہے)۔۔۔۔ اس سے پاکستان کا نام بہتر ہوا ہے اس کو میز بہتر کرنا چاہیئے اس پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے۔‘‘

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق معاشی ترقی اور انسداد بدعنوانی کی کوششیں اس وقت متاثر ہوتی ہیں جب رہنما اور اعلیٰ عہدیدار اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کر کے عوامی وسائل کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

رواں سال کی رپورٹ میں175 ممالک میں سے دو تہائی سے زائد ممالک ایسے ہیں جنہوں نے 50 سے کم پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

اس فہرست کے مطابق ڈنمارک 92 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جب کہ شمالی کوریا اور صومالیہ آٹھ پوائنٹس کے ساتھفہرست میں آخر میں ہیں۔

پاکستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس عزم کا اظہار کر چکی ہے ہیں بدعنوان عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG