رسائی کے لنکس

سمندری طوفان ایلسا کا نشانہ کیوبا کے وسطی ساحل


طوفان کے پیش نظر ہیٹی میں لوگ اپنے گھروں کی مرمت کر رہے ہیں۔ ہفتہ جولائی 3، 2021
طوفان کے پیش نظر ہیٹی میں لوگ اپنے گھروں کی مرمت کر رہے ہیں۔ ہفتہ جولائی 3، 2021

سمندری طوفان ایلسا پیر کی صبح کیوبا کے جنوبی ساحلوں سے ٹکراتا ہوا ملک کے وسطی ساحل کی جانب بڑھ گیا ہے اور ماہرین موسمیات کے مطابق طوفان پیر کی دوپہرخشک علاقے سے جا ٹکرائے گا۔

اتوار کے روز تک کیوبا میں حکام نے1 لاکھ 80 ہزار افراد کو متوقع سیلابی صورت حال کے پیش نظر گھروں سے نکلنے کا کہا تھا۔ اس طوفان کی وجہ سے کیریبئین کے کئی جزیرے پہلے ہی متاثر ہوچکے ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اکثر افراد نے اپنے رشتے داروں کے گھروں میں، جب کہ دیگرحکومتی پناہ گاہوں میں منتقل ہوگئے۔ پہاڑوں میں رہنے والے افراد نے کسی بھی ایمرجنسی صورت حال کے لیے پہلے سے تیار شدہ غاروں میں پناہ لی۔

ماہرین موسمیات کے مطابق ایلسا طوفان پیر کے روز کیوبا سے ٹکرانے کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا کا رخ کرے گا جہاں گورنررون ڈی سانٹس نے ریاست کی 15 کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ان میں میامی ڈیڈ کاؤنٹی بھی شامل ہے جہاں پچھلے ہفتے ایک کثیر منزلہ عمارت کے گرنے سے اب تک 24 افراد ہلاک اور سو سے زائد افراد لاپتہ ہیں اور ریسکیو کا کام ابھی تک جاری ہے۔

میامی کے نیشنل ہریکین سینٹر نے اتوار کے روز بتایا کہ ایلسا کا مرکز ہوانا سے 440 کلومیٹر دور ہے اور 24 کلومیٹر کی رفتار سے شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ طوفانی ہوائیں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےچل رہی ہیں۔

سینٹر کا کہنا تھا کہ اس بات کی توقع کی جا سکتی ہے کہ طوفان کی رفتار کیوبا کے وسطی علاقوں کو پار کرتے ہوئے قدرے کم ہو جائے۔ لیکن سینٹر کے بقول ’’جب ایلسا طوفان فلوریڈا اور خلیج میکسیکو کے جنوب مشرق میں دوبارہ نمودار ہوگا تو ممکن ہے کہ طوفان کی رفتار ایک بار پھر بڑھ جائے۔‘‘

کیوبا کے مشرقی صوبوں میں اتوار کے روز مسلسل بارش ہوتی رہی جب کہ ملک کےجنوب میں طوفان وسطی علاقوں کی جانب بڑھ رہا تھا۔

اے پی سے بات کرتے ہوئے کیوبا کے سانٹا کروز ڈیل سور ساحل میں ریڈ کراس کے رضاکار رافیل کارمینٹی نے بتایا کہ ابھی تک علاقے میں کچھ پانی کھڑا ہے، بارش ہو رہی ہے مگر سمندری پانی ساحلی علاقوں میں داخل نہیں ہوا۔ مطلع ابر آلود اور طوفان برپا ہے۔

بھارت کی مشرقی ریاستیں سمندری طوفان 'یاس' کے نشانے پر
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:43 0:00

کیریبئین ڈزاسٹر ایمرجنسی مینیجمنٹ کے مطابق ڈومینیکین ری پبلک میں ہفتے کے روز ایک 15 برس کا لڑکا اور 75 برس کی خاتون، الگ الگ واقعات میں طوفان کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ دونوں واقعات میں طوفانی صورت حال کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں پر دیوار گر گئی تھی۔

ہفتے کی صبح تک ایلسا کیٹیگری 1 کا طوفان تھا، جس کی وجہ سے کیریبئین کے کئی جزیروں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ سب سے زیادہ نقصان بارباڈوز میں پہنچا جہاں 1100 افراد نے گھروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع دی جب کہ حکام کے مطابق 62 گھر منہدم ہو گئے۔

کیوبا میں کئی علاقوں کے بارے میں محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ وہاں 13 سے 25 سینٹی میٹر تک بارش متوقع ہے۔جمیکا میں توقع کی جا رہی ہے کہ 10 سے 20 سینٹی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، جب کہ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ 38 سینٹی میٹر بارش متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG