رسائی کے لنکس

کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد صدر ٹرمپ اسپتال منتقل


صدر ٹرمپ کو جمعے کی سہ پہر ہیلی کاپٹر کے ذریعے وائٹ ہاؤس کے قریب واقع ایک فوجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
صدر ٹرمپ کو جمعے کی سہ پہر ہیلی کاپٹر کے ذریعے وائٹ ہاؤس کے قریب واقع ایک فوجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد انہیں جمعے کی شام اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ وہ اپنے صدارتی فرائض اسپتال سے ہی سر انجام دے رہے ہیں۔

اسپتال سے انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا خیال ہے کہ سب ٹھیک چل رہا ہے۔

صدر ٹرمپ کے معالج ڈاکٹر شان کون لی نے جمعے کو وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری کاہلی مک نانی کو اپنے ایک میمو میں کہا ہے کہ آج شام میں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ صدر کی صحت کی صورتِ حال بہت بہتر ہے۔ انہیں کسی اضافی آکسیجن کی ضرورت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپیشلسٹس سے مشاورت کے ساتھ ہم نے انہیں ریمسیوائر تھراپی دی ہے۔ انہوں نے اس کی پہلی خوراک مکمل کر لی ہے۔ وہ پرسکون ہیں اور آرام کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ کو جمعے کی سہ پہر ہیلی کاپٹر کے ذریعے وائٹ ہاؤس کے قریب واقع ایک فوجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ مزید کچھ روز تک اسپتال میں ہی رہیں گے۔

صدر ٹرمپ کا ہیلی کاپٹر وائٹ ہاؤس سے اسپتال کے لیے پرواز کر رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کا ہیلی کاپٹر وائٹ ہاؤس سے اسپتال کے لیے پرواز کر رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں ہیلی کاپٹر میں سوار ہونے سے قبل صحافیوں کو دیکھ کر اپنا ہاتھ لہرایا اور سب اچھا ہونے کا اشارہ کیا۔

جس کے بعد وہ میری لینڈ کے شہر بیتھسڈا میں واقع والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر کی جانب پرواز کر گئے۔

فوجی اسپتال میں صدر کے لیے ایک مخصوص کمرہ ہے جہاں دفتری امور سرانجام دینے کے انتظامات موجود ہیں۔

ہیلی کاپٹر کے لینڈ کرنے کے بعد صدر ٹرمپ ایک گاڑی میں سوار ہو کر اسپتال کی عمارت کے مرکزی دروازے تک پہنچے جو ہیلی پیڈ سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان مک نانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپنے معالج اور طبی ماہرین کے مشورے پر صدر آئندہ چند روز کے لیے اپنے سرکاری امور والٹر ریڈ اسپتال کے صدارتی دفتر سے سر انجام دیں گے۔

وائٹ ہاؤس کے عہدے داروں کے مطابق 74سالہ صدر کے اسپتال میں داخل ہونے سے صدراتی اختیارات نائب صدر مائیک پینس کو منتقل نہیں ہوئے۔

وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری کا کہنا ہے کہ صدر میں وبا کی علامتیں معمولی نوعیت کی ہیں۔ اور وہ دن بھر اپنے امور کی انجام دہی کرتے رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی جمعے کو تصدیق ہوئی تھی۔

صدر کے معالج کی جانب سے صدر ٹرمپ اور خاتون اول میں کرونا وائرس کی تشخیص سے متعلق لکھے گئے میمو کا عکس
صدر کے معالج کی جانب سے صدر ٹرمپ اور خاتون اول میں کرونا وائرس کی تشخیص سے متعلق لکھے گئے میمو کا عکس

صدر کے معالج کی طرف سے پریس سیکریٹری کو بھیجے گئے ایک میمو میں کہا گیا ہے کہ صدر کو جراثیم کش دوا کی زیادہ طاقت کی خوراک دی گئی جس سے ان میں انفیکشن کی سطح تیزی سے کم ہوئی جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ علاج نے وائرس پر کنٹرول کرنے میں مدد کی ہے۔

صدر ٹرمپ کے معالج نے کہا تھا کہ جمعے کی سہ پہر کو صدر تھکے ہوئے تھے لیکن ان کا جذبہ بلند تھا۔

میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صدر میں بخار، سر درد اور سردی لگنے کی علامات تھیں۔

XS
SM
MD
LG