رسائی کے لنکس

امریکہ: قانونی تارکین وطن کی تعداد نصف کرنے پر غور


صدر ٹرمپ ری پیلیکنز سینیٹرز ٹام کاٹن اور ڈیوڈ پیرڈو کے ساتھ امیگریشن کے موضوع پر وہائٹ ہاؤس میں گفتگو کر رہے ہیں۔ 2 اگست 2017
صدر ٹرمپ ری پیلیکنز سینیٹرز ٹام کاٹن اور ڈیوڈ پیرڈو کے ساتھ امیگریشن کے موضوع پر وہائٹ ہاؤس میں گفتگو کر رہے ہیں۔ 2 اگست 2017

اس سال کے شروع میں سینیٹر ٹام کاٹن اور ڈیوڈ پیرڈٰو نے ایک قانونی مسودہ پیش کیا تھا ، جس میں قانونی تارکین وطن کی سالانہ تعداد 10 لاکھ سے کم کرکے 5 لاکھ پر لانے کی تجویز دی گئی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دو ری پبلیکنز سینیٹرز نے ایک نیا قانون پیش کرنے کا اعلان ہے جس کے ذریعے قانونی تارکین وطن کی تعداد کو گھٹایا جا سکے گا۔

بدھ کے روز وہائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کئی عشروں تک نیم ہنرمند تارکین وطن کا اپنی سرزمین پر خیر مقدم کرتا رہا ہے۔ اب ہم اس صورت حال کو پلٹنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے نئے قانون میں پوائنٹس متعارف کرائے جائیں گے جس کے تحت گرین کارڈ کی درخواست پر غور کرتے وقت درخواست گذار کی انگریزی بولنے کی صلاحیت کو بھی پرکھا جائے گا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ قانون سازی زندگی گذارنے کی جدوجہد میں مصروف امریکی خاندانوں کی مدد کر ے گی۔ اس قانون سازی سے ہماری ضرورتوں اور امریکہ کو اولیت حاصل ہو جائے گی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس قانون سازی کا مطلب روزگار کے مواقعوں کے لیے نئے آنے والوں کے مقابلے میں اقلیتی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس قانون سازی کے ذریعے باہر سے آنے والے نیم ہنرمند کارکنوں کی تعداد گھٹا کر امریکی کارکنوں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

اس سال کے شروع میں سینیٹر ٹام کاٹن اور ڈیوڈ پیرڈٰو نے ایک قانونی مسودہ پیش کیا تھا ، جس میں قانونی تارکین وطن کی سالانہ تعداد 10 لاکھ سے کم کرکے 5 لاکھ پر لانے کی تجویز دی گئی تھی۔

اس بل میں تارکین وطن کے خاندان کے افراد کو مستقل ویزہ نہ دینے، ویزہ لاٹری سسٹم ختم کرنے اور گرین کارڈ کا حصول مزید مشکل بنانے کے لیے بھی کہا گیا تھا۔

کاٹن نے کہا تھا کہ ہر 15 تارکین وطن میں سے صرف ایک اپنی پیشہ ورنہ مہارت کی بنیاد پر امریکہ میں داخل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نیم ہنرمند افراد کو گرین کارڈ دینا بند کردیں گے تو اس سے امریکی کارکنوں کی آمدنی میں اضافہ کرنے اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور مجموعی معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا۔

صدر ٹرمپ اس حوالے سے قانون سازی پر صلاح مشورے کے لیے دو بار ان سینیٹروں سے ملاقات کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG