رسائی کے لنکس

'شمالی کوریا کے میزائل تجربات سے پریشان نہیں ہیں'


رواں سال کے آغاز میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ ملاقات بھی کی تھی۔
رواں سال کے آغاز میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ ملاقات بھی کی تھی۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات سے فکر مند نہیں ہیں، تاہم امید کرتے ہیں کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان وعدوں کی پاسداری کریں گے۔

صدر ٹرمپ ان دنوں چار روزہ سرکاری دورے پر جاپان میں موجود ہیں۔ اپنی ایک ٹویٹ میں صدر نے کہا کہ شمالی کوریا نے حال ہی میں چھوٹے ہتھیاروں کے تجربات کئے ہیں۔ ان کے بقول امریکی انتظامیہ کے کچھ لوگوں کو اس پر تشویش ہے تاہم انہیں کوئی پریشانی نہیں۔

صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کو وعدے یاد دلاتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ میرے(صدر ٹرمپ) کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کریں گے۔

رواں سال کے آغاز میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ساتھ ویتنام میں ملاقات کی تھی جو کسی معاہدے پر منتج نہیں ہو سکی تھی۔

شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات کو ٹرمپ انتظامیہ کے کچھ لوگوں نے اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات کا بھرم رکھتے رہے ہیں۔

امکان ہے کہ صدر ٹرمپ دورہ جاپان میں شمالی کوریا کے ایٹمی اور میزائل پروگرام پر جاپان کے وزیر اعظم سے بھی مشاورت کریں گے۔

شمالی کوریا کی جانب سے رواں ماہ مختلف میزائل تجربات کئے گئے تھے جس پر پڑوسی ملک جنوبی کوریا اور امریکہ نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے میزائل تجربات سے کوئی بھی خوش نہیں تاہم شمالی کوریا کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

امریکہ نے رواں ماہ شمالی کوریا پر بین الاقوامی اقتصادی پابندیوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کا ایک مال بردار جہاز بھی پکڑ لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG