رسائی کے لنکس

شمالی کوریا سے بات چیت وقت کا زیاں ہے: صدر ٹرمپ


فائل
فائل

اتوار کے روز ٹوئٹر پیغام میں، ٹرمپ نے تحریر کیا کہ ''ریکس اپنی توانائی بچائو، ہم وہی کریں گے جس کی ضرورت ہے''۔ اُنھوں نے یہ بات شمالی کوریا کے کم جونگ اُن کاحوالہ دیتے ہوئے، اُنھیں ''لٹل راکٹ مین'' کے لقب سے پکارا

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُنھوں نے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو بتایا دیا تھا کہ وہ شمالی کوریا کے لیڈر سے مذاکرات کی کوشش کرکے ''اپنا وقت برباد کر رہے ہیں''۔

اتوار کے روز ٹوئٹر پیغام میں، ٹرمپ نے تحریر کیا کہ ''ریکس اپنی توانائی بچائو، ہم وہی کریں گے جس کی ضرورت ہے''۔ اُنھوں نے یہ بات شمالی کوریا کے کم جونگ اُن کاحوالہ دیتے ہوئے، اُنھیں ''لٹل راکٹ مین'' کے لقب سے پکارا۔

ہفتے کے روز امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ شمالی کوریا نے اپنے جوہری اور میزائل پروگراموں پر گفتگو کرنے میں کسی طرح کی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا، جس سے قبل ٹلرسن نے تسلیم کیا تھا کہ امریکہ شمالی کوریا کے ساتھ براہِ راست رابطے میں ہے۔

ایک بیان میں خاتون ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ''شمالی کوریا کے اہل کاروں نے کوئی عندیہ نہیں دیا کہ اُنھیں بات چیت میں دلچسپی ہے یا جوہری ہتھیاروں کی تخفیف پر بات چیت کے لیے تیار ہیں''۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ''حالانکہ، ان کو یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ امریکہ کو موجودہ حکومت ہٹانے کے لیے مدد دینے میں کوئی دلچسپی نہیں، ہم حکومت کی تبدیلی کے لیے کوشاں نہیں، جزیرے کو دوبارہ متحد کرنے کے کام کو تیز نہیں کر رہے یا ہتھیاروں سے پاک (ڈی ملیٹرائزڈ زون) کے شمال میں افواج بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں''۔

اس سے قبل وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بتایا تھا کہ امریکہ نے شمالی کوریا سے براہِ راست رابطے کا راستا نکال لیا ہے اور اس بات کا جائزہ لیا جارہا ہے آیا کم جونگ اُن کی حکومت اپنے جوہری ہتھیاروں کی راہ ترک کرکے بات چیت میں دلچسپی رکھتی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے یہ بات ہفتے کے روز بیجنگ میں بتائی جہاں وہ عوامی جمہوریہ کوریا کے خلاف مہم میں چین کے تعاون سے ''انتہائی دبائو'' ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG