صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے 'ایف بی آئی' پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ فلوریڈا اسکول میں فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی طرف سے بھیجے گئے کئی اشاروں کو نا سمجھ سکا اور وہ (ایف بی آئی حکام) "بہت زیادہ وقت اس بات کو ثابت کرنے کی کوشش میں صرف کر رہے ہیں کہ روسیوں نے ٹرمپ مہم کے ساتھ ساز باز کی تھی۔"
ٹرمپ نے ہفتہ کو دیر گئے ٹوئٹر پر کہا کہ "یہ قبول نہیں ہے ۔ وہ بہت زیادہ وقت اس بات کو ثابت کرنے میں صرف کر رہے ہیں کہ روسیوں نے ٹرمپ مہم کے ساتھ ساز باز کی۔ کوئی ساز باز نہیں تھی۔ اپنے بنیادی (کام) کی طرف توجہ دیں اور ہم سب کے لیے فخر کا باعث بنیں۔"
ایف بی آئی کو گزشتہ ماہ یہ اشارہ ملا تھا کہ فلوریڈا اسکول میں فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص "(دوسروں) کو مارنے کی خواہش" اور گن حاصل کرنا چاہتا تھا اور شاید وہ ممکنہ طور پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ تاہم ایف بی آئی نے جمعہ کو کہا کہ اس کے اہلکار اس معاملے کی تحقیقات کرنے میں ناکام رہے۔
ایف بی آئی نے تسلیم کیا کہ اس سے خفیہ اطلاع کے معاملے میں کوتاہی ہوئی ہے جس پر اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے اس کی سرزنش کی اور دوسری طرف فلوریڈا کے رپبلکن گورنر رک اسکاٹ نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک مسلح نوجوان نے فلوریڈا کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کر کے 17 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ مشتبہ شخص اِسی اسکول کا ایک سابق طالب علم تھا، جسے انضباطی بنیاد پر تعلیمی ادارے سے نکالا گیا تھا اور اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔