صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی کچھ دیر پہلے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ سربراہ ملاقات سے متعلق شمالی کوریا کے ساتھ ہماری بہت تعمیری بات چیت ہو رہی ہے۔
اگر ایسا ہوا تو امکان ہے کہ یہ ملاقات سابقہ پروگرام کے مطابق سنگا پور میں ہی ہو گی اور اسی تاریخ یعنی 12 جون کو ہی ہو گی۔ اور اگر ضروری ہوا تو یہ تاریخ آگے بھی جا سکتی ہے۔
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ شمالی کوریا نے دو طرفہ مشاورت کے اس سلسلے میں شرکت روک دی ہے جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم یانگ ان کے درمیان سر براہی ملاقات کے لیے ضروری ہوتی۔
مسٹر پومپیو نے سینیٹ کی خارجہ کمیٹی کے سامنے پیشی کے دوران صدر ٹرمپ کی جانب سے اس تاریخی فیصلے کی منسوخی کے بارے میں اضافی توجیہات پیش کیں تھیں۔
دوسری جانب شمالی کوریا نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کم جونگ ان کے ساتھ ملاقات منسوخ کیے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ امریکہ کے ساتھ کسی بھی وقت بات چیت کے لیے تیار ہے۔