امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں شمالی کوریا، ایران اور ونزویلا پر سخت تنقید کا اعادہ کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ اہل کار، جنھوں نے تقریر کا پیشگی جائزہ پیش کیا، بتایا ہے کہ ’’وہ شمالی کوریا کے عزائم کے بارے میں انتہائی سخت الفاظ استعمال کریں گے، جب کہ ہماری سلامتی کو درپیش خطرات کا ذکر کریں گے، اور کمرے میں موجود تمام ملکوں کی سلامتی سے متعلق کلمات ادا کریں گے‘‘۔
بقول اہل کار، ’’اور وہ اس بارے میں بھی بتائیں گے کہ شمالی کوریا کی حکومت کیا کچھ کر سکتی ہے‘‘۔
منگل کے روز پسندیدہ سماجی میڈیا کے ذریعے ایک پیغام میں ٹرمپ نے اِن توقعات کا اظہار کیا کہ وہ اپنے عہدہٴ صدارت کے اہم ترین خطاب میں کیا کہیں گے۔ اپنے ٹوئیٹ میں اُنھوں نے کہا کہ ’’یہ اقوام متحدہ کا ایک اہم دن ہے، بہت سی اچھی چیزیں ہو رہی ہیں، جب کہ ایسی باتیں بھی درپیش ہیں جو بہت مشکل نوعیت کی ہیں‘‘۔
بقول اُن کے، ’’ہمارے وفد میں انتہائی قابل حضرات موجود ہیں۔ 10 بجے کے قریب اہم تقریر ہوگی‘‘۔