رسائی کے لنکس

ترک وزیرِاعظم امداد لے کر صومالیہ پہنچ گئے


ترک وزیرِاعظم امداد لے کر صومالیہ پہنچ گئے
ترک وزیرِاعظم امداد لے کر صومالیہ پہنچ گئے

ترکی کے وزیرِ اعظم رجب طیب اردگان اپنے ہمراہ مزید امداد لے کر جمعہ کو صومالیہ پہنچے۔ ان کے اس دورے کا مقصد دنیا کی توجہ شدید قحط کا شکار اس افریقی ملک کی صورتِ حال کی جانب مبذول کرانا ہے۔

ترک وزیرِاعظم کی اہلیہ اور کئی اعلیٰ حکومتی اہلکار بھی ان کے ہمراہ صومالیہ کے دورے پر دارالحکومت موغا دیشو پہنچے۔ ترک وفد متاثرین کے کیمپوں اور ہسپتالوں کا دورہ کرکےقحط کا شکار افراد میں امدادی سامان تقسیم کرے گا۔

مقامی اخبار ’حریت‘ نے صومالیہ کے صدر شیخ شریف احمد سے منسوب ایک بیان شائع کیا ہے جس میں انھوں نے ترک وزیرِ اعظم کے دورہ صومالیہ کو ایک ’’تاریخی قدم‘‘ قرار دیا۔

اس سے قبل رواں ہفتے 57 اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم ’آرگنائزیشن آف اسلامک کنٹریز‘ کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے ترکی میں منعقدہ اپنے اجلاس میں صومالیہ کی قحط کی صورتِ حال سے نبٹنے پر غور کیا تھا۔

مسلم ممالک کی جانب سے صومالیہ اور قرنِ افریقہ کے خشک سالی اور قحط کا شکارعلاقوں کے لیے اب تک 350 ملین ڈالرز کی امداد کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

خطے میں گزشتہ چھ دہائی کے بد ترین قحط کا مرکز صومالیہ ہے جہاں اقوام متحدہ کے مطابق 32 لاکھ افراد شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔ عالمی ادارے کے مطابق خطے کے ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد افراد کو غذائی امداد کی فوری ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG