رسائی کے لنکس

شام: ہیلی کاپٹر حادثے میں امریکی فوج کے 22 اہلکار زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شام کے شمال مشرقی علاقے میں ہیلی کاپٹر کےحادثے کے نتیجے میں امریکی فوج کے 22 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق امریکی فوج نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کاحادثہ کسی دشمن کی کارروائی کا شاخسانہ نہیں ہے اور یہ کہ حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

فوج نے اپنےبیان میں مزید بتایا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جن میں سے 10 زخمیوں کو خطے سے باہر 'اعلیٰ طبی تنصیبات' میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

امریکہ کی حمایت یافتہ شامی کرد فورسز کے ترجمان نے ایسوسی ایٹڈ پریس کی جانب سے ہیلی کاپٹر کےحادثے پر تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا ۔

واضح رہے کہ امریکی فوج داعش کے خلاف جاری جنگ میں کردوں کی سربراہی میں کام کرنے والی شامی ڈیموکریٹک فورسز کی معاونت کے لیے 2015 سے شام میں موجود ہے۔

شام میں 2019 میں داعش کو شکست دے دی گئی تھی تاہم وہاں موجود سلیپر سیلز اب بھی خطرہ ہیں اور امریکی افواج جنگجو تنظیم کی واپسی کو روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

امریکی فوج نے رواں برس اپریل میں کی جانے والی دو مختلف کارروائیوں میں داعش کے سینئر رہنما کو ہلاک جب کہ حملوں کے سہولت کار کو گرفتار کیا تھا۔

امریکی فوج کے مطابق ایک فضائی حملےمیں خالد عید احمد الجبوری مارا گیا تھا جو یورپ میں حملوں کی منصوبہ بندی کا ذمہ دار تھا جب کہ داعش کے حملوں کے سہولت کار حدیفہ ال یمنی کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کیا تھا۔

اس وقت شام کے مختلف حراستی مراکز میں داعش کےلگ بھگ 10 ہزار جنگجو قید ہیں جب کہ ملک کے شمالی مشرقی علاقے میں قائم پناہ گاہوں میں جنگجوؤں کےخاندانوں کے ہزاروں افراد کو رکھا گیا ہے۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبرر ساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG