امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ جمعرات کو 11 منٹ تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کردیا گیا۔
ٹوئٹر انتظامیہ کے ایک بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کا اکاؤنٹ ٹوئٹر کے کسٹمر سپورٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک ملازم نے بند کیا تھا جس کا جمعرات کو ٹوئٹر میں ملازمت کا آخری دن تھا۔
ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق صدر کا اکاؤنٹ 11 منٹ تک بند رہا جس کی اطلاع ملتے ہی اسے بحال کردیا گیا۔
ٹوئٹر انتظامیہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور دوبارہ اس طرح کی کوئی حرکت ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے تاحال واقعے پر کوئی ردِ عمل ظاہر نہیں کیا ہے جب کہ ٹوئٹر انتظامیہ نے بھی ٹوئٹ پر بیان کیے جانے والے موقف کے علاوہ اس موضوع پر کوئی اور بات کرنے یا اس کی مزید تفصیل دینے سے معذرت کی ہے۔
صدر ٹرمپ ٹوئٹر پر بہت ایکٹو ہیں اور وہ اپنی انتخابی مہم کے دوران اور بعد ازاں صدر بننے کے بعد بھی عموماً اپنے مخالفین پر تنقید اور بعض ایسےحساس موضوعات پر بیانات دینے کے لیے ٹوئٹر استعمال کرتے ہیں جس پر ناقدین کے خیال میں انہیں یوں کسی عوامی فورم پر بات نہیں کرنی چاہیے۔
صدر ٹرمپ کے ٹوئٹر پر چار کروڑ 17 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔