سوشل میڈیا کمپنیاں آئے روز نت نئے فیچرز متعارف کرا رہی ہیں جس کا مقصد صارفین کے لیے ایپ استعمال کرنے کا تجربہ آسان بنانا ہے۔
جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تفریح کے علاوہ معلومات فراہم کرنے کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس ہی بات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ 'ٹوئٹر' نے ایک نئے فیچر کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے صارفین اب پلیٹ فارم پرطویل تحریر لکھ کر شیئر کر سکیں گے۔
ٹوئٹر نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ وہ 'نوٹس' فیچر کی آزمائش کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین ایک مضمون نما تحریر لکھ کر شیئر کر سکیں گے اور یہ تحریر ٹوئٹر کے علاوہ انٹرنیٹ پر ہر جگہ پڑھی جا سکتی ہے۔
ٹوئٹر نوٹس کا فیچر بظاہر کسی ویب سائٹ کی طرح کا لگ رہا ہے جس پر کوئی بھی تحریر شائع کی جا سکتی ہے۔خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ٹوئٹر نے گزشتہ برس نیوز لیٹر کمپنی 'ریویو' خریدی تھی جو اب 'ٹوئٹر رائٹ' کا حصہ ہے۔
ٹوئٹر نوٹس کیا ہے؟
ٹوئٹر کے مطابق 'ٹوئٹر رائٹ' ایک کمپوزر ٹول ہے جو صارفین کو مضامین اور طویل تحریر لکھنے کا موقع دے گا اور اس پر شائع ہونے والے مواد کو 'نوٹس' کا نام دیا گیا ہے۔
ٹوئٹر نے 'نوٹس' فیچر کی آزمائش پانچ برس قبل شروع کی تھی۔ اب اس کا تجربہ کینیڈا، گانا، برطانیہ اور امریکہ کے صارفین کے ایک چھوٹے گروپ پر کیا جا رہا۔ تاہم یہ تمام تر صارفین کے لیے کب میسر ہوگا، کمپنی نے اس بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔
ٹوئٹر کے مطابق صارفین نوٹس کے تحت 280 سے زائد الفاظ پر مشتمل مضمون لکھ سکتے ہیں جب کہ وہ اس میں ویڈیوز، ،تصاویر، جی آئی ایفس اور ٹویٹس بھی منسلک کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ صارفین نوٹس پر لکھے جانے والے والے مواد کو شائع ہونے کے بعد بھی ایڈٹ کر سکتے ہیں۔
صارفین کو اپنی ٹائم لائن پر 'نوٹس' ایک ٹویٹ کی ہی طرح ہی دکھے گا جو ویب سائٹ کے یو آر ایل سے ملتا جلتا دکھائی دے گا جس پر کلک کرتے ہی مکمل تحریر پیج پر کھل جائے گی۔
آزمائشی مرحلے کے دوران صرف ویب صارفین کو ہی اپنی پروفائل پر 'نوٹس ٹیب' نظر آئے گا۔