رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر: مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ، تین ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ سے کم از کم تین افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے ہیں۔

منگل کو یہ لوگ جنوبی قصبے چدورا میں بھارتی حکومت کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے کہ ان کی پولیس سے مڈبھیڑ ہو گئی۔

بھارتی کشمیر میں پولیس کے سربراہ سید مجتبیٰ گیلانی کے مطابق خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ چدورا کے ایک مکان میں ایک مشتبہ عسکریت پسند چھپا ہوا ہے جس پر پولیس اور فوج نے یہاں کا محاصرہ کیا۔

اسی اثنا میں علاقے کے سیکڑوں رہائشی بھارت مخالف نعرے لگاتے ہوئے اس گھر کی طرف بڑھنے لگے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ مشتبہ عسکریت پسند کو وہاں سے فرار کروانا چاہتے تھے اور جب سکیورٹی فورسز نے انھیں آگے بڑھنے سے روکا تو انھوں نے اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ اس پر فورسز کو فائرنگ کرنا پڑی۔

واقعے میں دو شہری ہلاک اور دس زخمی ہوئے جب کہ پولیس اور فوج کے آٹھ اہلکاروں کو بھی زخم آئے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ تقریباً تین دہائیوں سے علیحدگی پسند مسلح کارروائیاں کرتے آ رہے ہیں اور اس دوران سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور مختلف پرتشدد واقعات میں اب تک 68 ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔

کشمیر کا علاقہ جنوبی ایشیا کی دو ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان متنازع ہے جس کا ایک حصہ پاکستان اور ایک بھارت کے زیر انتظام ہے۔

XS
SM
MD
LG