رسائی کے لنکس

پنجاب: دو دہشت گرد ہلاک، 20 ملزمان گرفتار


پنجاب رینجرز نے آپریشن ردالفساد کے تحت پنجاب کے علاقے کھاریاں اور سرائے عالمگیر سے بیس افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مختلف کارروائیوں میں دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ رینجرز نے 20 ملزمان کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

حکام کے مطابق پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان کے دو دہشت گرد مارے گئے۔

سي ٹي ڈي حکام کے مطابق ان کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تحريک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد لاہور میں اہم تنصيبات کو نشانہ بنانا چاہتے ہيں ۔

اطلاع پر کارروائي کرتے ہوئے ناکہ بندی کی گئی اور جب چاروں دہشت گرد لاہور کے نواحي علاقہ سگياں پل کے قريب موٹر سائيکلوں پر اسلحہ اور بارود سميت پہنچے تو انہوں نے روکنے پر سی ٹی ڈی کے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دي ۔

جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ دو رات کے اندھيرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے ميں کامياب ہو گئے ۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کي تلاش جاري ہے۔ مارے جانے والے دونوں دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارودي مواد برآمد ہوا ہے۔

ایک اور کارروائی میں پنجاب رینجرز نے آپریشن ردالفساد کے تحت پنجاب کے علاقے کھاریاں اور سرائے عالمگیر سے بیس افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان پنجاب رینجرز میجر شیر اعظم خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں کیے جانے والے آپریشن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس نے بھی حصہ لیا۔

میجر شیر خان کے مطابق انہیں اطلاع ملی تھی کہ کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں خود کش جیکٹیں تیار کی جا رہی ہیں جس پر رینجرز نے چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ، خود کش جیکٹس اور بارودی مواد قبضے میں لے لیا۔

ترجمان پنجاب رینجرز نے بتایا کہ گرفتار افراد سے ان کے نیٹ ورک سے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG