ایک طاقتور سمندری طوفان نے جاپان کے جنوب مغربی علاقوں میں تباہی پھیلا دی ہے۔ طوفان سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور سڑکوں پر سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔
جاپان کے آفات سے نمٹنے کے ادارے نے کہا ہے طوفان سے کسی کے مرنے کی اطلاعات نہیں مگر اس سے 26 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
یہی طوفان اس سے قبل فلپائن سے ٹکرایا تھا، جہاں کم ازکم 21 افراد ہلاک اور 15 لاپتا ہو گئے تھے۔
سمندری طوفان گونی منگل کی صبح جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو سے ٹکرایا جس سے ملک کے بیشتر مغربی علاقوں میں تیز آندھی اور بارش ہوئی۔
طوفان کے نتیجے میں متعدد پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا اور ٹرین اور بس سروس معطل ہو گئی۔ جاپانی ٹیلی وژن پر جڑ سے اکھڑے ہوئے درختوں، زمین پر گری بجلی کی تاروں اور ٹوٹی ہوئی دیواروں کو دکھایا گیا۔
طوفان سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا اور 470,000 گھروں کو بجلی کی ترسیل عارضی طور پر منقطع ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق طوفان سے پیدا ہونے والی صورتحال سے 100,000 افراد کو محفوظ مقامات میں پناہ لینا پڑی۔
طوفان گونی جزیرے پر تباہی پھیلانے کے بعد اب 126 کلومیٹر فی گھنٹہ کی مستقل رفتار سے شمال کی سمت حرکت کر رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے اس طوفان سے فلپائن میں مٹی کے تودے گرے اور اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔ بینگوئیٹ صوبے میں سونے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کے تین کیمپ ایک خطرناک مٹی کے تودے میں دب گئے۔