رسائی کے لنکس

برطانوی الیکشن: پاکستان میں نائجل فراج کی کامیابی کے لیے دعائیں


برطانیہ میں مئی میں ہونے والے انتخابات سے قبل ان دنوں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔

برطانیہ میں ان دنوں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، اب سے تقریبا تین ہفتے بعد 7 مئی کو ہونے والے انتخابات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے انتخابی مہم زور شور سےجاری ہے۔

برطانیہ میں بڑی جماعتوں کنزرویٹو لیبر اور لبرل ڈیمو کریٹ کے مقابلے میں یوکپ جماعت کو نسل پرستانہ جذبات رکھنے والی جماعت کےطور پر دیکھا جاتا ہے جبکہ میڈیا رپورٹس میں اس کے سیاسی مستقبل کےحوالے سے زیادہ کچھ نہیں کہا جارہا ہے۔

حالیہ انتخابی جائزوں کے نتیجے سے پتہ چلا ہے کہ نائجل فراج کی جماعت یو کپ کی مقبولیت اس سال کے آغاز میں 15 فیصد سے کم ہو کر 8فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

اس کے باوجود یوکپ کی انتخابی مہم کو حال ہی میں ایسی جگہ سےحمایت کا یقین دلایا گیا ہے،جہاں سے اس کا کوئی امکان نہیں تھا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاستدان نائجل فراج کی انتخابی مہم برطانیہ سے پاکستان پہنچ گئی ہے جہاں ان کےغیر متوقع حامی پارٹی کی حمایت کرتے ہوئے انتخابی مہم کو زور وشور سے چلا رہے ہیں ۔

روزنامہ مرر کے مطابق پاکستان میں مسیحی برادری کے ایک گروپ کی جانب سے عام انتخابات میں نائجل فراج کی جماعت کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کرائی جارہی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی سیاسی جماعت یو کپ کو لاہور میں رائل ڈی سائپل چرچ کی طرف سے حمایت حاصل ہوئی ہے ، جہاں اس کے لیے دعائیں کی گئں۔

یوکپ کے رہنما کے حامیوں نے ان کی انتخابی مہم کا حصہ بنتے ہوئے نائجل فراج کی تصویر والے پوسٹر اور بینر تیار کیے ہیں جنھیں انتخابی مہم کا رنگ دینے کے لیے بازاروں اور گلیوں میں لگایا گیا ہے۔

پادری فرانسس بشیر کے مطابق ان کی عیسائی اقدار اور دولت مشترکہ کے موقف کو اپناتے ہوئے وہ یوکپ کی حمایت کر رہے ہیں ۔

ایک آن لائن ویڈیو میں پادری فرانسس نے کہا کہ گزشتہ ماہ کی بات ہے جب انھیں فیس بک پر کسی نے نائجل فراج کی جماعت کے بارے میں دعا کرنے کے لیے کہا تھا ۔اس کے بعد میرے بیٹے نے ان سے بات کی تھی جس کے بعد ہمارے دل میں ان کی محبت زیادہ ہوگئی ہے ۔

ویڈیو میں چرچ ممبران منتر کے درمیان کہتے ہیں کہ ہم سر نائجل فراج سے محبت رکھتے ہیں جبکہ کمرے کا اندرونی حصہ پارٹی کےجامنی اور پیلے رنگ سے سجایا گیا ہے۔

ان پوسٹر میں لکھا ہے کہ خدا آپ کو کامیاب کرے ،ہماری دعائیں آپ کی جماعت کے سب کارکنوں کے ساتھ ہیں ۔

نائجل فراج کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کی دعاؤں کا سن کر بہت متاثر ہوئے ہیں۔

ناقدین کے خیال میں یو کپ کےحق میں عجیب وغریب حمایت دراصل پاکستان میں مسیحی برادری کو درپیش حالیہ مسائل کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔

اگرچہ مبصرین کے مطابق وزیر اعظم کے عہدے کے لیے حکمراں جماعت اور مخالف جماعت لیبر کے درمیان مقابلہ بہت سخت رہے گا لیکن اسی سیاسی ہلچل کے دوران حکومت کی پالیسیوں سے ناراض ووٹرز کی جانب سے عوامی احتجاج کےطور پرنائجل فراج کی یورپی یونین مخالف جماعت یو کے انڈیپینڈنٹ پارٹی کی حمایت میں ووٹ ڈالے جانے کا بھی امکان ہے ۔

XS
SM
MD
LG