رسائی کے لنکس

یوکرین 15 باغی قیدی رہا کرے گا


یوکرین کے علیحدگی پسند باغی یوکرینی حکومت کے قیدیوں کو تبادلے کے لیے لا رہے ہیں۔ ( فائل فوٹو )
یوکرین کے علیحدگی پسند باغی یوکرینی حکومت کے قیدیوں کو تبادلے کے لیے لا رہے ہیں۔ ( فائل فوٹو )

ان قیدیوں کو صدر کی جانب سے معافي دے جائے گی اور اگلے ہفتے برسلز میں دونوں فریقوں کے درمیان ملاقات سے پہلے وہ اپنے گھروں میں پہنچ جائیں گے۔

یوکرین نے کہا ہے کہ وہ خیر سگالی کے اظہار کے لیے ملک کے مشرقی علیحدگی پسند علاقوں سے پکڑے گئے 15 قیدیوں کو معافي دے کر رہا کر دے گا تاکہ روس نواز باغیوں کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا آغاز ہو سکے۔

یوکرین کی ایک قانون ساز ارینا گراش چنکو نے ، جو انسانی ہمدردی سے متعلق کمیٹی کی سربراہ بھی ہیں ، بتایا کہ ان قیدیوں کو صدر کی جانب سے معافي دے جائے گی اور اگلے ہفتے برسلز میں دونوں فریقوں کے درمیان ملاقات سے پہلے وہ اپنے گھروں میں پہنچ جائیں گے۔

گراش چنکو نے جمعرات کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ یوکرین 228 افراد کی فہرست میں سے، جو انہیں فراہم کی گئی ہے، 15 سے زیادہ لوگوں کو ان کے حوالے کررہا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر عمر رسیدہ ہیں یا پھر بیمار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یوکرین اس سے زیادہ قیدی رہا کرنے پر تیار تھا، لیکن انہوں نے مطالبہ کیا کہ روس نواز باغیوں کو چاہیے کہ انہوں نے ملک کے مشرقی حصے میں جن قیدیوں کو رکھا ہوا ہے، ان سب کو چھوڑ دے۔

یوکرین کے مطابق مشرقی حصے پر قابض باغیوں کے پاس ایک سو سے زیادہ فوجی ہیں، جنہیں انہوں نے قید میں ڈالا ہوا ہے۔

اس سے پہلے دونوں فریقوں کے درمیان ستمبر میں قیدیوں کا تبادلہ ہوا تھا جس میں حکومت نے اپنے دو حامیوں کے بدلے میں چار باغی جنگجو ؤں کو واپس کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG