رسائی کے لنکس

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا سعودی عرب کا دورہ


یوکرین کے صدر زیلنسکی کی سعودی عرب میں ولی عہدے محمد بن سلمان سے ملاقات۔ 19 مئی 2023
یوکرین کے صدر زیلنسکی کی سعودی عرب میں ولی عہدے محمد بن سلمان سے ملاقات۔ 19 مئی 2023

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جمعہ کو اعلان کیاہے کہ انہوں نے سعودی عرب کا دورہ شروع کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ وہ عرب رہنماؤں کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

زیلنسکی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ان کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو بڑھانا اور یوکرین کے عرب دنیا کے ساتھ رابطوں میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے اوردوسری دیگر دو طرفہ بات چیت کریں گے۔

انہوں نے جن دیگر موضوعات کا تذکرہ کیا ان میں روس کی جانب سے کریمیا کا الحاق، فروری 2022 میں ماسکو کے مکمل حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کے لیے ایک امن فارمولا اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے موضوعات شامل تھے۔

زیلنسکی نے کہا کہ ایسے میں وہ اپنا 10 نکاتی امن فارمولہ پیش کریں گے اور وہ اس معاملے میں زیادہ سے زیادہ ممالک کو شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

زیلنسکی نے مزید کہا کہ ایک اور ترجیح یوکرین کی مسلم کمیونٹی کا تحفظ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ روسی قبضے سے سب سے پہلے کریمیا متاثر ہوا، اور مقبوضہ کریمیا میں جبر کا شکار ہونے والوں میں زیادہ تر مسلمان ہیں۔

یوکرین کی قومی سلامتی اور دفاعی کونسل کے سیکرٹری اولیکسی دانیلوف کے مطابق، زیلنسکی اس کے بعد جاپان میں جی سیون گروپ کے سربراہی اجلاس میں جائیں گے۔

اس ہفتے کے شروع میں وہ اٹلی، ویٹیکن، جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے تین روزہ دورے سے واپس آئے جہاں انہوں نے مزید ہتھیاروں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کی۔

جنگ شروع ہونے کے بعد سے وہ واشنگٹن کا دورہ بھی کرچکے ہیں، لیکن انہوں نے اب تک مشرق کا دورہ نہیں کیا تھا۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ مواد اے پی سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG