اقوامِ متحدہ نے افغان صدر حامد کرزئی کی جانب سے پارلیمان کے افتتاحی اجلاس کوایک ماہ تک مؤخر کرنے کے فیصلے پرجمعے کے روز‘سخت تشویش’ کا اظہار کیا ہے۔
امریکہ اور دیگر بین الاقوامی حلقوں کی حمایت سےافغانستان میں اقوامِ متحدہ کے اعانتی مشن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مسٹر کرزئی پر زور دیا گیا ہے کہ جتنا جلد ممکن ہو پارلیمان کا اجلاس طلب کیا جائے۔
پارلیمان کے نئے ارکان کی اکثریت نے جمعرات کو اِس بات پر اتفاق کیا کہ جنوری کی 23تاریخ کو صدر کی اجازت سے یا اُس کے بغیر اجلاس بلایا جائے۔
مسٹر کرزئی نے بدھ کو پارلیمان کا اجلاس مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عدالت نے 18ستمبر کو ہونے والے انتخابات میں بدعنوانی سے متعلق تفتیش کے لیے مزید وقت مانگا ہے۔
دریں اثنا، ملک بھر میں تشددکا سلسلہ جاری ہے۔
جمعے کو نیٹو افواج نے بتایا کہ جنوبی اور مشرقی افغانستان میں بم پھٹنے کے دو واقعات میں ایک افغان بچہ ہلاک جب کہ 12افراد زخمی ہوئے۔