رسائی کے لنکس

ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام میں نمایاں کامیابی


ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام میں نمایاں کامیابی
ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام میں نمایاں کامیابی

اقوام متحدہ کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام کے سلسلے میں دنیا نے گذشتہ سال نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ لیکن عالمی سطح کے اس وبائی مرض کے خاتمے کے لیے ابھی مزید بہت کچھ کیا جانا ضروری ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ عشرے کے دوران ایچ آئی وی کے وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 15 فی صد تک کم ہوئی ہے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ گذشتہ پانچ سال کے دوران ایڈز میں مبتلا ہوکر ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بھی 22 فی تک کمی واقع ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بن کی مون نے کہا ہے کہ اب دنیا ایچ آئی وی کے وبائی مرض پر قابو پانے کے قابل ہوچکی ہے۔لیکن انہوں نے دنیا بھر میں ان کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے عطیہ دینے والوں پر زور دیا کہ وہ اس مہم کو جاری رکھنے کے لیے درکار سالانہ 24 ارب ڈالر جمع کرنے میں تعاون کریں۔

دنیا بھر میں جمعرات کو ایچ آئی وی ایڈز سے بچاؤ کا دن منایا جارہاہے۔ اس سلسلے میں ایک روز قبل جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتوں اور امدادی تنظیموں کی جانب سے کٹوتیوں کے باعث عالمی سطح پر ایچ آئی وی ایڈز سے مقابلے کی مہم کو 2010ء میں تقریباً ایک ارب ڈالر کی کمی کاسامنا کرنا پڑا۔

اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 40 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

XS
SM
MD
LG