رسائی کے لنکس

ایران سے شام کو ہتھیاروں کی ترسیل


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ایران نے عالمی تنظیم کی طرف سے عائد کردہ پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر روایتی ہتھیار شام منتقل کیے ہیں۔

اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ’پینل آف ایکسپرٹس‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پابندیوں کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایران سے بھیجی جانے والی روایتی ہتھیاروں کی نو میں سے چھ کھیپوں کی منزل شام تھا۔

پینل کا کہنا ہے کہ اس نے جن واقعات کا بھی جائزہ لیا ان میں ممنوعہ اشیاء کو انتہائی احتیاط کے ساتھ چھپایا گیا تھا تاکہ معمول کی جانچ پڑتال کے دوران ان کی نشاندہی نا ہو سکے اور یہ بھی معلوم نا ہو کہ یہ کس کے استعمال میں آئیں گی۔

اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ ہتھیاروں کی منتقلی کے مزید واقعات بھی پیش آئے ہوں گے جن میں سے ممکنہ طور پر بعض کی نشاندہی بھی ہوئی ہو گی لیکن اُنھیں اقوام متحدہ کی سینکشن کمیٹی کے علم میں نہیں لایا گیا۔

اسرائیلی، امریکی اور دوسرے مغربی ممالک کے عہدے داروں کا موقف ہے کہ شام کے راستے لبنان میں حزب الله اور غزہ کی پٹی میں حماس کو ایرانی ہتھیاروں فراہم کیے جا رہے ہیں۔ شام اور ایران دونوں ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

مزید برآں ماہرین کے پینل کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی پابندیاں ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام کی رفتار محدود کرنے میں خاصی حد تک کامیاب رہی ہیں۔ ان پابندیوں کی وجہ سے ایران کے لیے جوہری ہتھیاروں اور میزائلوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی ممنوعہ اشیاء کا حصول پہلے سے زیادہ مشکل اور مہنگا ہو گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG