رسائی کے لنکس

افغانستان منشیات کی جنت بن سکتا ہے، اقوامِ متحدہ


عالمی ادارے کے عہدیدار نے بتایا کہ افغانستان دنیا میں نشہ کرنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے بھی سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر افغانستان نے اپنے عوام کو متبادل روزگار فراہم نہ کیا تو وہ "منشیات کی جنت" بن سکتا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کے سربراہ یوری فیڈوٹو کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو افغان عوام کو متبادل روزگار فراہم کرنے میں افغانستان کی حکومت کی مدد کرنی چاہیے۔

بدھ کو ویانا میں برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی ادارے کےسربراہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد وہاں منشیات کی صنعت مزید فروغ پاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ہونے والی ایک تہائی سرمایہ کاری اور ملازمتیں وہاں موجود بین الاقوامی فوجی دستوں کی مرہونِ منت ہیں جن کے انخلا کے بعد بےروزگار ہونےوالوں کی بڑی تعداد پوست کی کاشت اور منشیات کی تجارت کی طرف راغب ہوسکتی ہے۔

یوری فیڈوٹو نے بتایا کہ 2012ء کے مقابلے میں رواں سال افغانستان میں پوست کی کاشت اور پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور اس حوالے سے صورتِ حال روز بروز ابتر ہوتی جارہی ہے۔

عالمی ادارے کے عہدیدار نے بتایا کہ افغانستان گزشتہ کئی برسوں سے پوست کاشت کرنے والے ممالک میں سرِ فہرست چلا آرہا ہے اور اب دنیا میں نشہ کرنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے بھی سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی افواج کی موجودگی کے باوجود افغانستان میں پوست کی کاشت اور پیداوار عروج پر ہے اور آئندہ برس ان کے انخلا کے بعد صورتِ حال مزید گھمبیر ہوسکتی ہے۔

'رائٹرز' کے ساتھ گفتگو میں جناب فیڈوٹو کا کہنا تھا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار کے باعث افغانستان میں منظم جرائم اور بدعنوانی بھی پنپ رہی ہے اور اگر عالمی برادری نے اس بارے میں کچھ نہ کیا تو افغانستان "منشیات کی جنت" بن سکتا ہے۔

فیڈوٹو نے اعتراف کیا کہ عالمی برادری افغانستان میں متبادل معیشت کھڑی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات پر قابو پانے کے لیے افغان کاشت کاروں کو جدید سہولتیں اور متبادل فصلوں کے لیے بہتر منڈیاں فراہم کرنے کے علاوہ ملک میں زرعی اور صنعتی شعبے میں ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔
XS
SM
MD
LG