رسائی کے لنکس

سلامتی کونسل: غزہ جنگ بندی کے لئے امریکی قرارداد منظور


اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے 10 جون 2024 کو غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان آٹھ ماہ سے جاری جنگ کو ختم کرنے کےلیےجنگ بندی کے منصوبے کی توثیق کرنے والی اپنی پہلی قرارداد کی منظوری کے لیے ووٹ دیا۔فوٹو اے پی
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے 10 جون 2024 کو غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان آٹھ ماہ سے جاری جنگ کو ختم کرنے کےلیےجنگ بندی کے منصوبے کی توثیق کرنے والی اپنی پہلی قرارداد کی منظوری کے لیے ووٹ دیا۔فوٹو اے پی
  • غزہ میں جنگ بندی کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکہ کی تیار کردہ قراداد منظور کرلی
  • اسرائیل اس سمجھوتے پر راضی ہو چکا ہے، حماس اسے قبول کرلے تو آج جنگ بندی ہو سکتی ہے یو این میں امریکی سفیر کے الفاظ
  • حماس قراداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتا ہے، حماس کا بیان
  • 14 ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پیر کے روز امریکہ کا تیار کردہ مسودہ قرارداد، صفر کے مقابلے میں چودہ ووٹوں سے منظور کر لیا ہے جس میں غزہ میں جنگ بندی سمجھوتے کی حمایت کی گئی ہے۔ روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

حماس نے بھی پیر کے روز کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی حمایت کرنے والی امریکی مسودہ قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتا ہے۔

امریکہ، حماس کو یہ تجویز قبول کرنے پر آمادہ کرنے کے لئے ایک بھرپور سفارتی مہم کی قیادت کر رہا ہے۔

حماس نے ایک بیان میں اپنے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے جن میں غزہ میں مستقل جنگ بندی اور اسرائیلی افواج کی علاقے سے مکمل واپسی کے مطالبات شامل ہیں ،کہا کہ تحریک، سلامتی کونسل کی قرار داد کا خیر مقدم کرتی ہے اور ان اصولوں کے نفاذ کے لئے براہ راست مذاکرات میں داخل ہو نے کے واسطے برادر ثالثوں کے ساتھ تعاون پر اپنی رضا مندی کی پھر سے تصدیق کرنا چاہتی ہے

امریکہ پر جو اسرائیل کا کٹر اتحادی ہے ، غزہ میں جنگ بندی کے لئے اقوام متحدہ کی کئی قرار داوں کا راستہ روکنے کے لئے بڑے پیمانے پر نکتہ چینی کی جاتی ہے۔ لیکن بائیڈن نے گزشتہ ماہ کے آخر میں جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے لئے ایک نئی امریکی کوشش کا آغاز کیا تھا۔

اقوام متحدہ کے اجلاس کے بعد وہاںامریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ آج ہم نے امن کے لئے ووٹ دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر، لنڈا تھامس۔فوٹو اے پی
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر، لنڈا تھامس۔فوٹو اے پی

انہوں نے کہا آج اس کونسل نے حماس کو واضح پیغام دیا ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کو قبول کر لو۔ اسرائیل پہلے ہی اس سمجھوتے پر رضا مند ہو چکا ، اور اگر حماس بھی یہ ہی کرے تو جنگ آج بند ہو سکتی ہے۔

پیش کردہ تجویز میں کیا ہے؟

پیش کردہ تجویز کے تحت اسرائیل غزہ کے آبادی مراکز سے واپس چلا جائے گا اور حماس یرغمالوں کو رہا کردے گی۔ جنگ بندی ابتدائی چھ ہفتے قائم رہے گی جسکے دوران مذاکرات کنندگان دشمنی کے مستقل خاتمے کے لئے مذاکرات کریں گے۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں فوری اور مکمل جنگ بندی ہو گی۔ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے بدلے اسرائیلی یرغمال رہا کئے جائیں گے۔ اور غزہ کے آباد علاقوں سے اسرائیلی فوجیں واپس چلی جائیں گی۔

وزیر خارجہ بلنکن کا مشرق وسطیٰ کا آٹھواں دورہ

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے پیر کے روز اسرائیل میں وزیر اعظم نیتن یاہو سے بات چیت کی۔ انہوں نے قاہرہ میں مصری صدر عبدل فتح السیسی سے ملاقات کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر دفاع سے بات چیت کی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ قطر اور اردن بھی جائیں گے جہاں وہ غزہ کے لئے انسانی امداد کی ایک کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

نیتن یا ہو سے اپنی بات چیت کے دوران بلنکن نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کو یکساں طویل المدت سیکیورٹی اور استحکام فراہم کرنے کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

اس رپورٹ میں کچھ معلومات اے ایف پی سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG