رسائی کے لنکس

پاکستان دنیا میں تنہا نہیں: حسین ہارون


پاکستان دنیا میں تنہا نہیں: حسین ہارون
پاکستان دنیا میں تنہا نہیں: حسین ہارون

سفیر نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن منتخب ہونے کے لیے پاکستان نے دو تہائی ووٹ حاصل کیے، اور اِس طرح ، اپنے حریف، کرغزستان کو تقریباً 75ووٹوں سے شکست دی، جب کہ، اُن کے بقول، ’ہمارے مخالف کے ساتھ بڑی طاقتیں تھیں‘

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، حسین عبد اللہ ہارون کا کہنا ہے کہ یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہے۔

اُنھو ں نے یہ بات اتوار کو’وائس آف امریکہ‘ کے حالاتِ حاضرہ کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے کہی۔ایک سوال کے جواب میں اُنھوں نےپاکستان کے سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن منتخب ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ، ’بین الاقوامی سطح پر یہ پاکستان کی ایک بہت بڑی فتح ہے‘۔

سفیر نے کہا کہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن منتخب ہونے کے لیے پاکستان نے دو تہائی ووٹ حاصل کیے اور اِس طرح ،اپنے حریف، کرغزستان کو تقریباً 75ووٹوں سے شکست دی، جب کہ، اُن کے بقول، ’ہمارے مخالف کے ساتھ بڑی طاقتیں تھیں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کا رکن بننا پاکستان کے لیے’ ایک بہت بڑا اعزاز ہے، جب کہ کہا یہ جارہا تھا کہ پاکستان کی جیت کا کوئی امکان نہیں‘۔

حسین ہارون کے بقول، ایسا وقت بھی تھا کہ پاکستان کو کئی اعتبار سے ’ڈکٹیٹ‘ کیا جاتا تھا کہ ’یہ کرو، وہ کرو‘۔اُن کے الفاظ میں: ’میں سمجھتا ہوں کہ اب ٹیبل پر بیٹھے ہوئے کم سے کم اپنے علاقے کے سامنے جو مستقبل ہے، اُس میں ہم بھی فیصلہ کُن باتیں کر سکتے ہیں۔ یہ نہیں کہ کوئی ہمیں کہتا رہے کہ یہ کرو، وہ کرو۔ بلکہ ہم کہیں گے، یہ بہتر ہے اور یہ ہونا چاہیئے‘۔

سفیر نے کہا کہ پچھلے سال جب پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کے غیر مستقل رکن منتخب ہونے کے موقعے پر ووٹ دیا تھا اُس پر، اُن کے بقول، ’لوگوں نے بڑی چمہ گوئیاں کی تھیں۔ ۔۔اللہ کے فضل سے، اِس بار نہ صرف ہندوستان ہمارے ساتھ کھڑا رہا، بلکہ اُنھوں نے اوروں کو بھی ہماری طرف مائل کیا‘۔

اُنھوں نے کہا کہ تین سال سے پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری لانے کے حوالے سے کام ہورہا ہے، اور دونوں ہمسایہ ممالک بات چیت کررہے ہیں۔ اُن کے الفاظ میں ’ہم دعاگو بھی ہیں اور محنت بھی کر رہے ہیں کہ علاقے کی بہتری کے لیے یہ(بات چیت کا) معاملہ آگے بڑھے‘۔

تفصیل کے لیے آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG