رسائی کے لنکس

یمن پرسلامتی کونسل کی قرارداد، روشن مستقبل کی ضمانت ہے: امریکہ


نائب ترجمان مارک ٹونر
نائب ترجمان مارک ٹونر

آج بین الاقوامی برادری نے صدر صالح کو ایک’ واضح اور مشترک پیغام‘ بھیجا ہے کہ وہ یمنی عوام کو تشدد اور عدم تحفظ سے پاک ماحول میں زندگی بسر کرنے کی اجازت دیں: ترجمان محکمہٴ خارجہ

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سےیمن کےبارے میں قرارداد کی منظوری یمنی عوام کے’ روشن مستقبل‘ کے حصول کی طرف ’ ایک اہم قدم ہے‘۔

یہ بات امریکی محکمہٴ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے جمعے کو یمن کےبارے میں سلامتی کونسل کی طرف سےمنظورکی جانے والی قراردادنمبر 2014پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ آج بین الاقوامی برادری نےصدرصالح کو ایک’واضح اور مشترک پیغام‘ بھیجا ہے کہ وہ یمنی عوام کو تشدد اور عدم تحفظ سے پاک ماحول میں زندگی بسر کرنے کی اجازت دیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ضرورت اِس بات کی ہے کہ بین الاقوامی برادری ’زیادہ محفوظ، پُرامن اور خوشحال مستقبل‘ کے حصول میں ’یکمشت اور یک آواز ہو کر‘ تمام یمنی شہریوں کی حمایت جاری رکھے۔

مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ ایک طویل عرصے سے یمنی عوام کو آفاقی انسانی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، اور بہت سارے بے گناہ یمنی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اُنھوں نے حکومت ِ یمن سے مطالبہ کیا کہ پُر امن مظاہرین پر تشدد کی چھان بین اور اِن جرائم میں ملوث افراد کا احتساب کیا جائے۔

اُن کے بقول، یمنی عوام کی امنگوں کی ترجمانی کا واحد طریقہ یہ ہے کہ خلیج تعاون کونسل کےتجویز کردہ اقدام کی روشنی میں اقتدار کی منتقلی کا فوری بندوبست کیا جائے۔

XS
SM
MD
LG