رسائی کے لنکس

افغانستان میں حکومت سازی کے لیے تمام فریقوں کی شمولیت سے مذاکرات کیے جائیں: سلامتی کونسل


سلامتی کونسل (فائل فوٹو)
سلامتی کونسل (فائل فوٹو)

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان میں فوری طور پر تمام مخالفانہ کارروائیاں بند کرنے اور مذاکرات کے ذریعے تمام فریقوں کی شراکت داری پر مبنی اور سب کی شمولیت کے ساتھ ایک متحد، نئی حکومت تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے، جس میں خواتین کی بھرپور، مساوی اور بامعنی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے مطالبہ کیا کہ افغانستان میں اداروں کی حرمت برقرار رکھی جائے اور افغانستان میں طاقت حاصل کرنے والے بین الاقوامی فرائض کی انجام دہی یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افغان اورغیر ملکی شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اس سے قبل پیر کے روز نیو یارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں افغانستان کی تازہ ترین صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے افغانستان میں تشدد کی کارروائیوں کے فوری خاتمے، سیکیورٹی کو بحال کرنے، شہری اور آئینی تقاضے پورے کرنے پر زور دیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان قیادت اور اس کے توسط سے امن عمل اور قومی مفاہمت کو فروغ دے کر پرامن تصفیے تک پہنچا جائے۔

رکن ملکوں نے اس مطالبے کو دوہرایا کہ خواتین، بچوں اور اقلیتوں سمیت سب کے انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے، جسے حاصل کرنے کے لیے سب کی شراکت داری کے ساتھ، منصفانہ طور پر، دیرپا اور حقیقت پر مبنی افغان قیادت والی قومی مفاہمت درکار ہے۔

سلامتی کونسل نے تمام افغان فریقوں پر زور دیا کہ بین الاقوامی ضابطوں اور انسانی حقوق کی انجام دہی پر عمل درآمد کیا جائے، اس ضمن میں ہر طرح کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔

سلامتی کونسل کے رکن ملکوں نے زور دیا کہ افغانستان کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کے تمام امدادی اداروں کو سہولت فراہم کی جائے کہ وہ ضرورت مندوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے امداد کی فراہمی کا کام جاری رکھ سکیں۔

سلامتی کونسل نے افغانستان میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو جاری رکھنے پر زور دیا، اس بات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا کہ کسی ملک کے خلاف حملے کی دھمکی دینے یا حملہ کرنے کے لیے افغانستان کی سرزمین کسی طور پر استعمال نہ کی جائے۔

سلامتی کونسل کے رکن ملکوں نے یہ مطالبہ بھی مطالبہ کیا کہ طالبان یا دیگر کوئی افغان گروہ یا فرد کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کی کسی طور پر حمایت نہیں کرے گا۔

XS
SM
MD
LG