سال 2022 کا آغاز ہوتے ہی لوگوں کو اس سے کئی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں اور فلمی شائقین بھی پُرامید ہیں کہ نیا سال انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے بہتر ہو گا۔
سال 2022 میں متعدد ایسی ہالی وڈ اور بالی وڈ فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں گی جن کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔
لالی وڈ کے مداحوں کو اداکار فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی فلم 'قائدِ اعظم زندہ باد' کا بے صبری سے انتظار ہے وہیں ہالی وڈ فلمیں پسند کرنے والے فلم 'ٹاپ گن: میورِک' میں سپر اسٹار ٹام کروز کو بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔
یہی نہیں شائقین سلور اسکرین پر 'دی بیٹ مین' دیکھنے کے لیے دن گن رہے ہیں، جس میں رابرٹ پیٹن سن پہلی بار سپر ہیرو کا کردار نبھائیں گے۔
ان فلموں کے بارے میں جانتے ہیں جو سال 2022 میں سنیما گھروں کی زینت بنیں گی۔
1۔ اَن چارٹڈ
'اسپائڈر مین: نو وے ہوم' کی شاندار کامیابی کے بعد اداکار ٹام ہالینڈ کے مداح انہیں ایک مرتبہ پھر بڑے پردے پر دیکھنے کے منتظر ہیں۔
اور اگر کسی فلم میں ٹام ہالینڈ کے ساتھ معروف اداکار مارک والبرگ اور اینٹونیو بینڈیرس بھی ہوں تو مداحوں کی خوشی دوگنی ہو جائے گی۔
ہالی وڈ فلم 'اَن چارٹڈ' رواں برس 18 فروری کو ریلیز ہو گی جس کی کہانی ایک ویڈیو گیم پر مبنی ہے۔
شائقین اس فلم میں اپنے پسندیدہ فن کاروں کو بڑے پردے پر دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
2۔ دی بیٹ مین
ڈی سی یونی ورس کا سب سے مشہور سپر ہیرو 'بیٹ مین' نئے سال میں انٹری کے لیے تیار ہے۔ لیکن اس بار اداکار بین ایفلک کی جگہ رابن پیٹن سن گوتھم سٹی کی سڑکوں کو جرائم سے پاک کرنے کی کوشش کریں گے۔
رابن پیٹن کے ساتھ زوئی کریوٹس، جیفری رائٹ، اور اینڈی سرکس بھی اسکرین پر اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔
چار مارچ 2022 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں کیٹ وومن اور بیٹ مین کی کہانی پر زور دیا جائے گا۔
ہدایت کار میٹ ریوز کی فلم 'دی بیٹ مین' کے ٹریلر نے دنیا بھر میں دھوم مچائی ہے اور شائقین اپنے پسندیدہ سپر ہیرو کو دیکھنے کے منتظر ہیں۔
3۔ گھبرانا نہیں ہے
اگر پاکستانی فلموں کی بات کی جائے تو زیادہ تر فلمیں بڑی یا چھوٹی عید پر ہی ریلیز کی جائیں گی۔
پاکستانی اداکارہ صبا قمر فلم 'گھبرانا نہیں ہے' کے ذریعے بڑے پردے پر واپس آئیں گی اور اس فلم میں ان کے ساتھ زاہد احمد اور سید جبران فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کریں گے۔
اس فلم کو حسن ضیا نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
فلم 'گھبرانا نہیں ہے' کی کہانی محسن علی نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایت کاری ثاقب خان نے کی ہے۔
4۔ ٹاپ گن: میورِک
ویسے تو 'ٹاپ گن' کے سیکویل کو 2020 میں سنیما گھروں کی زینت بننا تھا لیکن ٹام کروز کی بطور 'میورِک' واپسی کے لیے شائقین کو مزید دو برس انتظار کرنا پڑا۔
وبا کی وجہ سے جہاں کئی فلموں کی ریلیز میں تاخیر ہوئی وہیں 'ٹاپ گن: میورِک' کی ریلیز کو بھی ملتوی کرنا پڑا۔
اس فلم کی کہانی ٹام کروز سمیت مائلز ٹیلر کے گرد گھومتی ہے جنہوں نے 'میورِک' کے سابق ونگ مین 'گووس' کے بیٹے کا کردار کیا تھا، جو وقت گزرنے کے باوجود بھی اپنے سینئر کے ہاتھ پر اپنے باپ کا خون تلاش کر رہا ہے۔
5۔ دم مستم
ٹیلی ویژن کی دنیا میں اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے شائقین کو گرویدہ بنانے کے بعد اب اداکار عمران اشرف فلم میں نظر آئیں گے۔
عمران اشرف کی پہلی فلم 'دم مستم' عیدالفطر پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
اس فلم کی کہانی اداکارہ امر خان نے لکھی ہے جب کہ انہوں نے فلم میں مرکزی کردار بھی ادا کیا ہے۔
'دم مستم' کی ہدایت احتشام الدین نے دی ہیں جب کہ اداکار عدنان صدیقی اور اختر حسنین اس فلم کے پروڈیوسر ہیں۔
عمران اشرف اور امر خان کے علاوہ فلم میں سلیم معراج، مومن ثاقب، عدنان شاہ ٹیپو اور سہیل احمد نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
6۔ ڈاکٹر اسٹرینج ان دی ملٹی ورس آف میڈنس
'اسپائیڈر مین: نو وے ہوم' میں دنیا کو تباہی سے بچانے کے بعد اب 'ڈاکٹر اسٹرینج' ملٹی ورس کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس فلم کے ذریعے مارول سنیمیٹک یونی ورس (ایم سی یو) میں نہ صرف ہدایت کار سیم ریمی کی واپسی ہو گی بلکہ ویب سیریز 'وانڈا وژن' اور 'لوکی' میں ٹائم لائن سے چھیڑ چھاڑ کرنے والی اسکارلٹ وچ اور لوکی بھی اس فلم کا حصہ ہوں گے۔
یہ فلم مئی 2022 میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
7۔ ٹچ بٹن
امکان ہے کہ اے آر وائی فلمز کی 'ٹچ بٹن' بھی عید الفطر پر ہی سنیما کی زینت بنے گی۔ اس فلم کی عکس بندی ترکی میں ہوئی ہے اور اس کی ہدایت کاری قاسم علی مرید نے کی ہے۔
اداکارہ عروہ حسین نے فلم 'ٹج بٹن' کے ذریعے پروڈکشن کی دنیا میں قدم رکھا ہے جب کہ فلم میں اداکار فیروز خان، سونیا حسین اور ایمان علی نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ گلوکار فرحان سعید بھی بطور اداکار اس فلم میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔
8۔ عشرت میڈ ان چائنہ
فلم 'عشرت میڈ ان چائنہ' میں ہدایت کار و اداکار محب مرزا وہی کردار ادا کر رہے ہیں جو وہ پندرہ برس قبل جیو انٹرٹینمنٹ کی سیریز 'عشرت باجی' میں کر چکے تھے۔
لیکن اس مرتبہ محب مرزا ایک نئے روپ میں نظر آئیں گے۔
فلم کے ٹیزر سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ یہ ایکشن، رومانس اور کامیڈی سے بھرپور فلم ہو گی۔
'عشرت میڈ ان چائنہ' میں اداکارہ صنم سعید، سارہ لورین اور شمعون عباسی سمیت علی کاظمی اور ڈیزائنر حسن شہریار یاسین بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
9۔ جراسک ورلڈ: ڈومینین
جراسک ورلڈ فرنچائر کی تیسری اور جراسک سیریز کی چھٹی فلم 'جراسک ورلڈ: ڈومینئن' میں ڈائنو سارز اور انہیں شکست دینے والوں کی زیادہ تعداد ہو گی۔
کولن ٹریوورو کی اس فلم میں کرس پریٹ اور برائس ڈیلس ہاورڈ کی مدد کو آئیں گے۔
ایکشن، ایڈوینچر اور سائنس فکشن فلم 10 جون 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
10۔ قائدِ اعظم زندہ باد
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم 'کھیل کھیل میں' کی کامیابی کے بعد ہدایت کار نبیل قریشی اور فلم ساز فضا علی میرزا اپنی اگلی فلم 'قائدِ اعظم زندہ باد' کی ریلیز کے لیے ونڈو تلاش کر رہے ہیں۔
فہد مصطفیٰ کی یہ فلم عیدالاضٰحی پر ریلیز ہونے کا امکان ہے۔
فلم میں اداکارہ ماہرہ خان فہد مصطفیٰ کی ہیروئن بنی ہیں اور فہد نے ایک پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا ہے۔
11۔ تھور: لو اینڈ تھنڈر
مارول فینز کو یہ تو معلوم ہی ہو گا کہ جب سے تھور کا سیارہ ایسگارڈ تباہ ہوا ہے اس وقت سے تھور، گارڈینز آف دی گیلکسی کے ساتھ گھومتے پھرتے ہیں۔
لیکن اس فلم میں امکان ہے کہ انہیں وہ موقع مل جائے جس کی انہیں تلاش ہے اور وہ ایک نیا ایسگارڈ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
فلم میں جہاں کرس ہیمس ورتھ تھور کے روپ میں واپس آئیں گے وہیں ون ڈیزل کی بطور گروٹ، کرس پریٹ کی بحیثیت اسٹار لارڈ اور نیٹلی پورٹ مین کی بطور جین فوسٹر واپسی ہو گی۔
'تھور: لو اینڈ تھنڈرز' میں سابق بیٹ مین اور معروف اداکار کرسچن بیل کس روپ میں نظر آئیں گے؟ اس کے لیے مداحوں کو جولائی تک انتظار کرنا ہو گا۔
12۔ لندن نہیں جاؤں گا
کرونا وبا سے قبل ہمایوں سعید، مہوش حیات اور کبریٰ خان کی فلم 'لندن نہیں جاؤں گا' کی شوٹنگ زور و شور سے جاری تھی لیکن لندن سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کوئی بھی لندن نہیں جا سکا۔
امکان ہے کہ لندن میں معمولاتِ زندگی بحال ہونے کے بعد اس فلم کی شوٹنگ مکمل کر لی جائے گی اور یہ عیدالاضحیٰ پر سنیما کی زینت بنے گی۔
فلم کی کہانی خلیل الرحمان قمر نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایت ندیم بیگ نے دی ہے۔
13۔ مشن امپاسیبل سیون
ٹام کروز کے مداحوں کو رواں برس صرف 'ٹاپ گن' کے سیکویل کا ہی انتظار نہیں تھا بلکہ وبا کی وجہ سے کئی بار تاخیر کا شکار ہونے والی فلم 'مشن امپاسیبل' کا بھی بے صبری سے انتظار ہے۔
'مشن امپاسیبل سیون' ستمبر کے مہینے میں ریلیز کی جائے گی۔
کہا جارہا ہے کہ اس سیریز میں اب تک جتنے بھی اسٹنٹس ہو چکے ہیں، 'مشن امپاسیبل سیون' کے اسٹنٹ ان سب سے بہتر ہوں گے۔
14۔ دی فلیش
سپر ہیرو فلم 'دی فلیش' کئی برسوں سے تاخیر کا شکار ہے لیکن امکان ہے کہ اس سال شائقین ایزر املر کو بڑی اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔
فلم میں بیٹ مین کا کردار ادا کرنے والے مائیکل کیٹن اور بین ایفلک ایک بار پھر کیپڈ کروسیڈڈر کی شکل میں نظر آئیں گے۔
15۔ ضرار
فلم ساز و اداکار شان شاہد کی فلم 'ضرار' بھی ریلیز کے لیے تیار ہے البتہ فلم کی ریلیز کی تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔
شائقین اداکار ندیم اور شان کو ایک ساتھ ایکشن فلم میں دیکھنے کے لیے بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
'ضرار' میں شان شاہد کے ساتھ اداکارہ کرن ملک بھی ایکشن میں نظر آئیں گی۔