رسائی کے لنکس

یورا گوئے پرتگال کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا


کرسٹیانو رونالڈو جیسے نامور اور بڑے فٹبالر نے پرتگال کو شکست سے بچانے کوشش تو بہت کی لیکن یوراگوئے کے کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس نے پرتگال کو ناکوں چنے چبوا دیے۔

روس میں جاری فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل کے دوسرے میچ میں یوراگوئے نے پرتگال کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے ہرا دیا۔

اس سے قبل پہلا میچ فرانس اور ارجنٹائن کے درمیان ہوا تھا جس میں فرانس نے ارجنٹائن کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی تھی۔

ہفتے کی شب ہونے والے میچ میں یوراگوئے نے نہ صرف میچ جیتا بلکہ وہ کوارٹر فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر گیا جہاں اس کا مقابلہ 6 جولائی کو فرانس سے ہوگا۔

میچ کا پہلا گول ساتویں منٹ میں یورا گوئے کے ایڈنسن نے کیا اور سبقت حاصل کرلی۔ پہلے ہاف تک یہ سبقت برقرار رہی تاہم دوسرے ہاف کے دوران 55 ویں منٹ میں پرتگال کے پیسے نے بھی ایک گول کرکے میچ 1-1 سے برابر کردیا۔

میچ کے 62 ویں منٹ میں ایڈنسن کاوانی نے دوسرا گول کیا اور یوں اسکور دو کے مقابلے میں ایک گول ہوگیا۔ ایک گول کی یہ برتری آخر تک برقرار رہی۔

یوراگوئے کے کھلاڑی ایڈنسن کاوانی کی پرفارمنس میچ پر شروع سے آخر تک چھائی رہی۔ اپنی ٹیم کی فتح کے لیے دونوں گول انہوں نے ہی کیے۔

کرسٹیانو رونالڈو جیسے نامور اور بڑے فٹبالر نے پرتگال کو شکست سے بچانے کوشش تو بہت کی لیکن یوراگوئے کے کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس نے پرتگال کو ناکوں چنے چبوا دیے۔

پہلے پری کوارٹر فائنل میچ میں میسی اپنی ٹیم ارجنٹائن کے لیے کوئی گول نہ کرسکے جب کہ دوسرے پری کوارٹر فائنل میچ میں پرتگال کے نامور کھلاڑی رونالڈو بھی کوئی گول کرنے میں ناکام رہے۔

فیفا ورلڈ کپ فٹ بال 2018ء کے دوران جب بھی اپ سیٹس کا ذکر ہوگا وہاں یہ بات بھی ضرور سامنے آئے گی کہ اس ورلڈ کپ میں نسبتاً ہلکی ٹیمیں عالمی کپ جیتنے کی دوڑمیں آگے نکلتی رہیں۔

اس کی سب سے بڑی مثال دفاعی چیمپئن جرمنی کی شکست ہے تو دوسری مثال فرانس جیسی نسبتاً کمزور ٹیم کا کوارٹر فائنل میں پہنچنا ہے۔

یہ بات بھی کسی اپ سیٹ سے کم نہیں کہ رونالڈو اور میسی نے ورلڈ کپ کے ناک آئوٹ مراحل میں کبھی بھی کوئی گول نہیں کیا اور سن 2018ء کے ورلڈ کپ میں بھی دنیائے فٹ بال کے دونوں عظیم کھلاڑیوں کا یہ 'ریکارڈ' برقرار رہا۔

رواں ورلڈ کپ تو اس حوالے سے بھی بھلایا نہیں جاسکے گا کہ دنیا کے یہ دونوں اسٹار فٹ بالرز ایک ہی دن ٹورنامنٹ سے 'آؤٹ' ہوگئے۔

XS
SM
MD
LG