رسائی کے لنکس

امریکہ: طوفانی بگولوں سے ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی


ہنگامی امداد کے محکمے کے حکام ان بگولوں سے متاثر ہونے والوں کی امداد میں مصروف ہیں جب کہ الاباما میں مزید بگولوں کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

امریکہ کی وسطی اور جنوبی ریاستوں میں طوفانی بگولوں سے ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی جب کہ لاتعداد مکانات کو نقصان اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں۔

بگولوں کی وجہ سے الاباما، آرکنساس اور میسیسپی میں لوگ اپنے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں جب کہ ہزاروں افراد بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے بھی پریشان ہیں۔

ہنگامی امداد کے محکمے کے حکام ان بگولوں سے متاثر ہونے والوں کی امداد میں مصروف ہیں جب کہ الاباما میں مزید بگولوں کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پیر کو میسیسپی کے علاقے ٹوپیلو سے اٹھنے والے بگولے نے سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچایا اور اس کی وجہ سے کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جب کہ بجلی کی فراہمی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔

اسی طوفان نے شدت کے ساتھ الاباما کا رخ کیا جہاں دو افراد ہلاک ہوئے۔ اتوار کو آرکنساس کا مضافاتی علاقہ لٹل راک ان بگولوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ حکام کے بقول یہاں کم ازکم 15 افراد ہلاک ہوئے۔

صدر اوباما نے بگولوں سے ہونے والے نقصانات پر متاثرین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وہ پیر کو اپنے دورہ ایشیا کے آخری پڑاؤ فلپائن میں تھے جہاں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت بحالی اور تعمیر نو کے لیے متاثرین کی بھرپور مدد کرے گی۔

یہ طوفانی بگولے ایک ایسے وقت رونما ہوئے جب امریکی تاریخ کے بدترین بگولوں کو گزرے تین سال ہو چکے ہیں۔ ملک کے جنوب مشرق میں تقریباً تین سو بگولوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی اور ان میں تین سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
XS
SM
MD
LG