پینٹاگان نے کہا ہے کہ القاعدہ کا ایک سینیر رکن جو بیرونی علاقوں کی لڑائیوں کا منصوبہ ساز بھی تھا، شام میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا ہے۔
واشنگٹن میں ایک نیوز بریفنگ میں کیپٹن جیف ڈیوس نے بتایا کہ طویل عرصے سے القاعدہ کے لیے سہولت کاری اور پیامبر کے طور پر کام کرنے والا حیدر کرکان 17 اکتوبر کو صوبے ادلیب میں مارا گیا۔ اس کے روابط اسامہ بن لادن اور القاعدہ کے کئی دوسرے سینیر راہنماؤں کے ساتھ رہے ہیں۔
پنٹاگان کے مطابق کرکان ایک ایسا شخص تھا جس کا ہم اس کے ثابت شدہ ریکارڈ کی بنا پیچھا کررہے تھے اور وہ شام، ترکی اور یورپ میں کی جانے والی بیرونی تخریبی کارروائیوں میں مؤثر طور پر شامل تھا۔
کیپٹن جیف ڈیوس نے اس خطرے سے بھی آگاہ کیا کہ القاعدہ شام میں اپنی موجودگی میں اضافہ کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ القاعدہ بدستور بین الاعلاقائی تنظیم ہے اور اس میں اپنی جگہ تبدیل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔