رسائی کے لنکس

’مارچ فار لائف‘ ریلی: ٹرمپ نے کہا کہ ہم ہی جیتیں گے، ہمیں جیتنا آتا ہے


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو واشنگٹن میں اسقاط حمل مخالف سالانہ ریلی میں شرکت کی، جس کے لیے انھوں نے کہا کہ ان کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ وہ اس ریلی میں شرکت کرنے والے تاریخ کے پہلے امریکی صدر ہیں۔

نیشنل مال پر ’مارچ فار لائف‘ نامی ریلی میں شریک ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے، ٹرمپ نے کہا کہ ’’نومولود بچوں کا اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں کبھی اتنا مضبوط محافظ موجود نہیں تھا‘‘۔

صدر نے خیرمقدم کرنے والے اجتماع سے کہا کہ ’’پیدا ہونے والا ہر بچہ پیار کی علامت ہوتا ہے۔ ہر بچہ خاندان کے لیے خوشی لاتا ہے۔ ہر شخص کا تحفظ کیا جانا چاہیے‘‘۔

ٹرمپ نے یہ کہتے ہوئے ڈیموکریٹس پر تنقید بھی کی کہ ’’اسقاط حمل کے معاملے پر انھوں نے ایک انتہائی قدامت پسند اور شدت پسند مؤقف اختیار کر رکھا ہے‘‘۔

آئندہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں امریکی سربراہ اپنی حمایت بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں، خاص طور پر اوینجلیکل ووٹروں کی جانب سے جو زیادہ تر اسقاط حمل کے مخالف ہیں۔ اُن میں سے کچھ ٹرمپ کے سب سے نمایاں کنزرویٹو حامی رہے ہیں۔

اس ہفتے کے اوائل میں، اسقاط حمل مخالف تنظیم، ’سوزن بی اینتھنی لسٹ‘ نے کہا تھا کہ وہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں ٹرمپ اور دیگر ری پبلیکن امیدواروں کی حمایت میں پانچ کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا عطیہ دیں گے۔

ریلی میں ٹرمپ نے اپنے بارے میں کہا کہ میں ’تحریک برائے زندگی‘ کا پختہ حامی ہوں۔

انھوں نے ریلی میں ایسے وقت شرکت کی ہے جب امریکی سینیٹ میں ان کے خلاف مواخذے کی سماعت جاری ہے۔

اپنے خطاب میں ٹرمپ نے سینیٹ میں جاری مواخذے کے بارے میں صرف ایک ہی جملہ کہا کہ: ’’وہ میرے پیچھے اس لیے ہیں چونکہ میں آپ کے لیے بولتا ہوں، آپ کے لیے جدوجہد کرتا ہوں۔ لیکن، ہم ہی جیتیں گے، کیونکہ ہمیں جیتنا آتا ہے‘‘۔

XS
SM
MD
LG