برطانیہ نے اپنے شہریوں کو فرانس اور جرمنی میں دہشت گردی کے ”انتہائی“ خطرے سے خبردار کیا ہے، جب کہ امریکہ نے بھی یورپ کا سفر کرنے والوں کو ممکنہ حملوں کی تنبیہ کر رکھی ہے۔
برطانوی دفتر خارجہ نے درجہ بندی کے حوالے سے دہشت گرد ی کا خطرہ ”معمول“ سے بڑھا کر ”انتہائی “ کر دیا ہے۔ اتوار کے روز دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ حملے بلا امتیاز ہو سکتے ہیں اور ان میں ایسے مقامات کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے جہاں غیر ملکی افراد کی نقل حرکت زیادہ ہو۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بھی امریکی شہریوں کو منتبہ کیا ہے کہ یورپ میں القاعدہ اور اس سے رابطے میں دیگر عسکریت پسند تنظیمیں یورپ میں دہشت گرد حملے کر سکتی ہیں۔
مغربی ممالک کے انٹیلی جنس حکام نے گذشتہ ہفتے برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے بڑے شہروں میں دہشت گرد حملوں کی سازش بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود القاعدہ سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں نے 2008ء میں بھارتی شہر ممبئی میں ہوئے حملوں کی طرز پر یورپ میں عوامی مقامات پر ایک ساتھ متعدد حملے کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔